لاہور ہائیکورٹ نے دوہری شہریت نہ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اوورسیز شناختی کارڈ لازم قرار دینے کی نادرا پالیسی کے خلاف دائر درخواست پرفیصلہ محفوظ کر لیا

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:26

لاہور۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے دوہری شہریت نہ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے اوورسیز شناختی کارڈ لازم قرار دینے کی نادرا پالیسی کے خلاف دائر درخواست پرفیصلہ محفوظ کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل محمد اسلم تبسم نے موقف اختیار کیا کہ نادرا نے خلیجی ممالک اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے لئے نادرا کا اوورسیزشناختی کارڈ بنانا لازم قرار دے رکھا ہے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اوورسیزشناختی کارڈ کا مقصد دوہری شہریت رکھنے والے ایسے پاکستانیوں کے لئے متعارف کرایا گیا جوپاکستان واپس آنا چاہتے ہیں تاکہ واپسی پر ان کو پاکستان کا ویزا حاصل نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یورپ اور امریکہ کے علاوہ خلیجی ممالک،افریقی ممالک، روس، چین، انڈونیشیا، ملائشیاء میں موجود99 فیصد پاکستانی کنٹریکٹ پر ملازمت کرنے جاتے ہیں جبکہ ان ممالک میں موجود پاکستانیوں کے پاس دوہری شہریت موجود ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا نے یہ پالیسی آمدن اکٹھی کرنے کے لئے متعارف کرائی ۔ نادرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نادرا کی پالیسی انتظامی معاملہ ہے جس میں عدلیہ مداخلت نہیں کر سکتی، جس پر عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔