حلقہ این اے 4 میں مساجد کی سولرائزیشن سالانہ ترقیاتی پروگرام جون 2017-18 کی منظور شدہ اسکیم ہے ، اس سے ضمنی انتخابات کا کوئی تعلق نہیں، حکومت اپنے مالی سال کی منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کر رہی ہے، عقیدہ ختم نبوت پر حملہ کرنیوالوں کو مساجد کی سولرائزیشن کیسے ہضم ہو سکتی ہے، صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شاہ فرمان کا بیان

بدھ 11 اکتوبر 2017 19:35

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ این اے 4 کے حلقہ میں مساجد کی سولرائزیشن سالانہ ترقیاتی پروگرام جون 2017-18 کی منظور شدہ اسکیم ہے اور اس سے این اے فور ضمنی انتخابات کا کوئی تعلق نہیں، موجودہ حکومت اپنے مالی سال کی منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کر رہی ہے، عقیدہ ختم نبوت پر حملہ کرنے والوں کو مساجد کی سولرائزیشن کیسے ہضم ہو سکتی ہے، امیر مقام ہمیںبتائیں کہ این اے فور میں سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی میں موجودہ صوبائی حکومت کے ساتھ مقدمہ کیوں لڑا اور اب این اے فور میں ضمنی انتخابات کے وقت اچانک امیر مقام کو وہاں کے لوگوں کے حقوق کیسے یاد آ گئے۔

(جاری ہے)

بدھ کو اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر امیر مقام کو اس صوبے کے عوام کا اتنا درد محسوس ہوتا تو وہ وفاق کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی نہ کرتا،امیر مقام اور اس کی قیادت نے پنجاب کے مقابلے میں خیبر پختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا ہے، امیر مقام سن لیں کہ خیبر پختونخوا حکومت نے وفاق کی مدد کے بغیر اپنے وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے عوامی مفاد میں قابل قدر اقدامات اٹھائے ہیں جس کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت حقیقی معنوں میں ایک عوامی حکومت ہے جہاں تمام فیصلے خالصتا عوامی مفاد میں کئے جاتے ہیں، امیر مقام کو صرف مساجد کی سولرائزئشن کیوں نظر آ رہی ہے، اگر وہ منافقت کی عینک اتار کر دیکھیں تو پورے صوبے میں تمام شعبوں کے اندر واضح تبدیلی نظر آئے گی، موجودہ صوبائی حکومت نے سرکاری اداروں کے اندر اصلاحات لائی ہیں جس سے عوام کو بغیر سفارش اور رشوت کے فوری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ گزشتہ ادوار حکومت میں عوام کو سیاسی مداخلت کی وجہ سے انصاف نہیں ملتا تھا، یہ تحریک انصاف کی موجودہ واحدصوبائی حکومت ہے جس نے میرٹ پر صوبہ کے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی ہیں جس کی وجہ سے صوبہ میں غربت اور بے روزگار میں واضح کمی آئی ہے، شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ امیر مقام اپنے آقاؤں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس صوبہ کے عوام کوُگمراہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں لیکن وہ جان لیں کہ کے کرپٹ اور چور حکمرانوں کے خلاف عمران خان کے جہاد کی وجہ سے مسلم لیگ ن کی اصلیت اب عوام کے سامنے آ چکی ہے اور خیبر پختونخوا کے باشعور عوام اب کسی چور یا ڈاکو کے بہکاوے میں نہیں آیئں گے، انہوں نے مزید کہا کہ امیر مقام نے جان بوجھ کر اور صرف اپنی نوکری پکی کرنے کے چکر میں صوبے کو اندھیروں میں ڈبونے پر وفاق کا ساتھ دیا، امیر مقام کااحتساب اب اس صوبہ کے عوام کریں گے اور اس کاحشر بھی اپنے قائد کی طرح ہوگا۔

متعلقہ عنوان :