پولیس افسران نے ایک ماہ کے اندر اپنی کارکردگی کو بہتر نہ کیا تو وہ خود کو کسی رعایت کا مستحق نہ سمجھیں‘امجد جاوید سلیمی

اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے صوبے کی تمام پٹرولنگ پوسٹوں پر بائیو میٹرک مشینیں نصب کی جائیں جو نادرا اور کریمنل ریکارڈ آفس کے ڈیٹا سے منسلک ہوں‘ایڈیشنل آئی پی ایچ پی

بدھ 11 اکتوبر 2017 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرایس پی گوجرانوالہ، مسعود رضا، انسپکٹر گوجرانوالہ و سیالکوٹ ، مظہر اقبال اور ڈی ایس پی راولپنڈی ، سعادت مہدی کی سرزنش کرتے ہوئے امجد جاوید سلیمی نے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک مہینے کا وقت دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے اس دوران اپنی کارکردگی کو بہتر نہ کیا تو پھر وہ خود کو کسی رعائت کا مستحق نہ سمجھیں۔

ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر لودھراں ، وہاڑی اور ملتان کے اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محنت اور لگن سے فرائض سر انجام دینے والے افسران اور اہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے جبکہ نا اہل اور کام چور اہلکاروں کے خلاف کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی آئی جی پی ایچ پی، غلام محمود ڈوگر، ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز، عمران کشور، ایس ایس پی لاہور ریجن پی ایچ پی، بابر بخت قریشی، ایس پی ملتان ریجن ہما نصیر، ایس پی فیصل آباد امِ سلمہ، ایس پی گوجرانوالہ ریجن، مسعود رضا، ایس پی راولپنڈی ریجن، محمد یوسف ملک، ایس پی سرگودھا، حسن جمیل حیدرکے علاوہ تمام ضلعی ڈی ایس پیز بھی موجود تھے۔

امجد جاوید سلیمی نے دوران اجلاس ہائی وے پٹرول پولیس کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے صوبے کی تمام پٹرولنگ پوسٹوں پر بائیو میٹرک مشینیں نصب کی جائیں جو نادرا اور کریمنل ریکارڈ آفس کے ڈیٹا سے منسلک ہوں جبکہ پٹرولنگ پوسٹوں کے علاقوں میں موجود تجاوزات کے خاتمے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر آپریشن کا آغاز کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پندرہ روز کے اندر تمام تجاوزات ختم کر کے رپورٹ ڈی آئی جی پی ایچ پی کو بھجوائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی خان ، راجن پور، سرگودھا اور رحیم یار خان کے خطرناک علاقوں میںموجود تمام پٹرولنگ پوسٹوںکا افسران خود وزٹ کریں اورجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے میں خود بھی تمام علاقوں میں جاؤں گا۔ انہوں نے تمام افسران کو استغاثہ لکھوانے کا کورس کروانے کی ہدایت کی اور مزید کہا کہ محکمانہ امور کیلئے تمام ریجنز کو فنڈز جاری کردئیے گئے ہیں انکے استعمال میں کسی قسم کی بد دیانتی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اجلاس میں طے پایا کہ سروے کے بعد ویلفئیر پراجیکٹس شروع کئے جائیں جن سے حاصل ہونے والی آمدن ملازمین کی ویلفئیر پر خرچ کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :