اعلیٰ تعلیم کا معیار بہتر بنانے، تحقیق کیلئے سہولیات پر خصوصی توجہ دی جائے، ملک رفیق رجوانہ

بدھ 11 اکتوبر 2017 21:42

اعلیٰ تعلیم کا معیار بہتر بنانے، تحقیق کیلئے سہولیات پر خصوصی توجہ ..
ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، تحقیق کے لئے سہولیات اور طلباء کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے، بہائو الدین زکریا یونیورسٹی جنوبی پنجاب کی سب سے اہم درسگاہ ہے جو ہمارے طلباء و طالبات کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیات کی آبیاری بھی کررہی ہے، ہم نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس کے تعلیمی معیار کوپاکستان میں پہلے نمبر پر لانا ہے اور دنیا میں اس درس گاہ کی شناخت بنانی ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہائوس ملتان میں وائس چانسلر بہائو الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز بی زیڈ یو و چیئرمین علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عمر چوہدری اور ریذیڈنٹ آفیسر و چیئرمین شعبہ سیاسیات ڈاکٹر مقرب اکبر بھی موجود تھے،گورنر پنجاب و چانسلر بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے خطے کی تعمیر وترقی کے لئے اپنی نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، ہم اپنے طلباء وطالبات کو ایسی تعلیم و تحقیق کروائیں جس کے بعد وہ ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں، اعلیٰ تعلیمی ادارے ہمیشہ جدت اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،ملکی ضروریات کے پیش نظر ایسی نئی ایجادات و تحقیقات کی جائیں جس سے ہم ترقی یافتہ دنیا کا مقابلہ کرسکیں، ہمیں یونیورسٹیز کے ماحول کو تعلیمی و تحقیقی بنانا ہوگا اور اساتذہ کو چاہئے کہ وہ اپنی تمام توجہ اور توانائیاں طلباء کی تعلیم و تربیت پر صرف کریں ،اساتذہ ہی وہ عظیم شخصیات ہوتی ہیں جو اقوام کی تقدیر بدل دیتی ہیں، اب ضرورت اس چیز کی ہے کہ ہمارے اساتذہ آگے بڑھیں اور پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، اس موقع پر گورنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوانہ کو وائس چانسلر بہائوالدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے ان کی صحت یابی پر گلدستہ بھی پیش کیا۔