واسا نے ایبٹ آباد شہر کے فلتھ ڈپو کے ازسرنو ڈیزائن اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے پلان ترتیب دیدیا

بدھ 11 اکتوبر 2017 22:06

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2017ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز (واسا) نے ایبٹ آباد شہر کے مختلف مقامات پر فلتھ ڈپو کی ازسرنو ڈیزائن اور تجاوزات خاتمہ کیلئے پلان ترتیب دیدیا۔ چیئرمین واسا شاہد جنجوعہ نے اس حوالہ سے ناظم محمد اسحاق ذکریا، نائب ناظم سردار شجاع احمدکے ہمراہ ایبٹ آباد شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورہ کے دوران جناح روڈ، مین بازار، کچہری روڈ، پرانی سبزی منڈی، گول مارکیٹ، رئیس خانہ بازار و دیگر علاقوں میں تجاوزات خاتمہ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

جناح روڈ پر قائم فلتھ ڈپو کو از سر نو ڈیزائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین واسا نے اس موقع پر صفائی کے نظام کا جائزہ لیا اور تجاوزات مافیا کو بھی از خود مانیٹر کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور عوامی مسائل کے خاتمہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن ناگزیر ہو چکا ہے، تاجروں نے عارضی تجاوزات کے ساتھ ساتھ پختہ تجاوزات بھی قائم کر لی ہیں جس سے نہ صرف عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا بلکہ ٹریفک کا نظام غیر مؤثر ہو کر رہ گیا، بعض مقامات پر تجاوزات سے پیدل چلنا بھی محال ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ کسی کو بھی اپنی حدود سے تجاوز کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے، عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی دقیقہ فردوگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے عملہ کو ہدایت کی کہ شہر میں جتنے بھی مین ہول ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کیا جائے اور جناح روڈ فلتھ ڈپو کو از سر نو ڈیزائن کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس موقع پر تحصیل ناظم محمد اسحاق ذکریا، نائب ناظم سردار شجاع احمد نے چیئرمین واسا کو عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے واضح کیا کہ تحصیل حکومت اور واسا باہمی مشاورت سے شہر کی خوبصورتی کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :