آرمی چیف نے درست کہا جہاد صرف ریاست کا حق ہے، رانا ثناء اللہ

احمدی خود کو اقلیت ماننے کو تیار نہیں،کیپٹن (ر) صفدر کو حساس موضوع پر قومی اسمبلی میں تقریر نہیں کرنی چائیے تھی نواز شریف تمام مقدمات کا سامنا کریں گے، صوبائی وزیر داخلہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 11 اکتوبر 2017 23:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے درست کہا کہ جہاد صرف ریاست کا حق ہے ،کیپٹن (ر) صفدر کی اسمبلی میں ایسی تقریر نہیں ہونی چاہیے تھی ،احمدی خود کو اقلیت ماننے کو تیار نہیں ،ہمیں اس موضوع پر بات نہیں کرنی چاہیے ،یہ حساس موضوع ہے اور اسے بار بارمیڈیا پر زیر بحث نہیں لانا چاہیے ،نوازشریف ووٹ اور اداروں کے تقدس کی بات کرتے ہیں ان کی ٹکرائو کی سوچ نہیں ہے ،وہ اپنے مقدمات کا سامنا کریں گے ،عدالت کے اندر اور باہر اپنا موقف رکھیں گے ۔

وہ بدھ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کررہے تھے ۔ رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا یہ کہنا 100فیصد درست ہے کہ جہاد ریاست کا حق ہے ان کی بات سے مکمل اتفاق کرتا ہوں ،جہاد کا حکم صرف ریاست دے سکتی ہے کیپٹن (ر) صفدر کی قومی اسمبلی میں قادیانیوں کے حوالے سے تقریر کے تناظر میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی اسمبلی میں ایسی تقریر نہیں ہونی چاہیے تھی لیکن تقریر کے بعد گھٹیا پوائنٹ سکورننگ ہر گز نہیں کرنی چاہیے ، رانا ثنا ء اللہ خان نے کہا کہ احمدی خود کو اقلیت ماننے کو تیار نہیں ہیں ہمیں اس موضوع پر بات نہیں کرنی چاہیے ،یہ معاملہ میڈیا پر بار بار زیر بحث نہیں لانا چاہیے اس بحث کے منفی نتائج نکل سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ میرا ایمان اور عقیدہ (ن) لیگ کے ماتحت نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف ووٹ اور اداروں کے تقدس کی بات کرتے ہیں ان کی ٹکرائو کی سوچ نہیں ہے ،وہ اپنے تمام مقدمات کا سامناعدالتوں میں کریں گے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ نوازشریف عدالت کے اندر اور باہر اپنا موقف رکھیں گے ،عوام کی عدالت بھی لگنی ہے اور عوام کو بھی سب کچھ بتانا پڑے گا ۔