کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا ، ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی

جمعرات 12 اکتوبر 2017 14:35

کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا ، ہلاکتوں ..
کیلی فورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء)امریکہ کی مغربی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں بھڑکنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ، آگ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی ۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق کیلی فورنیا کے محکمہ جنگلات کاکہنا ہے کہ ریاست کی مختلف کاونٹیز میں 22 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے جس سے اب تک ساڑھے تین ہزار سے زائد عمارتیں تباہ یا متاثر ہوئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ علاقوں میں 300 سے زائد افراد لاپتا ہیں جب کہ سیکڑوں افراد دھویں سے متاثر ہونے اور جھلسنے کے باعث اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔آگ سے اب تک ایک لاکھ 70 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر جنگلات اور گھاس کے میدان جل کر خاکستر ہوچکے ہیں جب کہ کئی قصبے اور آبادیاں بھی مکمل طور پر جل گئی ہیں۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی میں آٹھ ہزار فائر فائٹرز اور دیگر اہلکار حصہ لے رہے ہیں جب کہ 124 ہوائی جہاز بھی آگ بجھانے کی کارروائیوں میں شریک ہیں۔

کیلی فورنیا کی پڑوسی ریاستوں اوریگن اور نیواڈا کے علاوہ نزدیکی ریاست واشنگٹن سے بھی آگ بجھانے والے عملے کے ایک ہزار اہلکار کیلی فورنیا طلب کرلیے گئے ہیں۔کیلی فورنیا کے گورنر نے آگ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی آٹھ کاونٹیز میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔آگ سے متاثرہ کئی علاقوں کے رہائشیوں کو لازمی انخلا کا حکم دیا گیا ہے جب کہ حکام نے لوگوں سے تاحکمِ ثانی اپنے گھروں کو دوبارہ نہ لوٹنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آگ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے ولے کیلی فورنیا کے شمالی علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے جس کے بعد ان علاقوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے امداد کی بروقت فراہمی ممکن ہوسکے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہواوں اور خشک موسم کے باعث آگ مسلسل پھیل رہی ہے اور اس پر قابو پانے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔حکام تاحال آگ بھڑکنے کی وجہ کا تعین کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کا آغاز اتوار کو ہوا تھا۔

آگ کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی ترسیل منقطع ہوگئی ہے اور ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہیں۔کیلی فورنیا میں موسمِ گرما اور خزاں کے دوران خشک موسم اور خشک ہوائیں چلنے سے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات ہر سال ہی پیش آتے ہیں۔تاہم حکام کو اندیشہ ہے کہ حالیہ آگ ریاست کی تاریخ کی سب سے ہلاکت خیزاور تباہ کن آگ قرار پاسکتی ہے۔