پاک امریکہ مشترکہ آپریشن سے متعلق خواجہ آصف کا بیان تشویشناک ہے۔ چودھری نثار علی خان

پاک فوج دنیا کی 5ویں بڑی فوج ہے ۔ ملک میں آپریشن کرنے کے لیے پاک فوج اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز ہی کافی ہیں۔ چودھری نثار علی خان کی میڈیا سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 12 اکتوبر 2017 16:02

پاک امریکہ مشترکہ آپریشن سے متعلق خواجہ آصف کا بیان تشویشناک ہے۔ چودھری ..
ٹیکسلا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 اکتوبر 2017ء) : چودھری نثار علی خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کے پاک امریکہ مشترکہ آپریشن سے متعلق بیان پر تشویش کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق چودھری نثار علی خان نے کہا کہ ہم کسی کو اپنے ملک میں آنے کی اجازت کیوں دیں؟ ان کا کہنا تھا کہ اس بیان کی تصدیق یا تردید ہونی چاہئیے۔ اگر ہم کسی اور طاقت کو کہیں کہ ہمارے ملک میں آ کر آپریشن کرے تو یہ ملک کے لیے تضحیک آمیز ہے۔

ملک بھر میں پاکستان کی اپنی سکیورٹی فورسز کی جانب سے سینکڑوں آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ ملک کی سکیورٹی فورسز میں صلاحیت ہے کہ وہ خود آپریشنز کر سکیں۔ ہاں لیکن اگر کسی کو خوش کرنے کے لیے مشترکہ آپریشن کرنا ہی ہے تو وہ دو طرفہ ہونا چاہئیے۔ اگر پاکستان میں مشترکہ آپریشن ہو گا تو آپریشن افغانستان میں بھی ہونا چاہئیے ۔

(جاری ہے)

اگر کسی کو شک یا اعتراض ہے کہ پاکستان میں کوئی گروپس ہیں جو دہشتگردہیں تو ہمارے پاس افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی کے ثبوت ہیں جو دن کے اجالے میں گروپس کے ساتھ مل کر کام کرہے ہیں اور افغانستان بھر میں آپریٹ کر رہے ہیں۔

وہاں آپریشن کرنے کی ذمہ داری صرف افغانستان کی نہیں بلکہ وہاں موجود غیر ملکی سکیورٹی فورسز کی بھی ہے جس میں زیادہ تعداد امریکی فوج کی ہے۔ اگر کوئی پروپوزل دینا ہی ہے تو دو طرفہ ہونا چاہئیے ورنہ اس چیز کی کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ پاک افواج مسلح ہیں اور مضبوط بھی ہیں ۔ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور ایک خودمختار ملک کبھی بھی اپنی حدود میں آپریشن کی اجازت نہیں دیتا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر افواج اور حکومت کے مابین کوئی تناؤ آ بھی جائے تو اس پر بیان بازی نہیں ہونی چاہئیے کیونکہ ایسے بیانات سے امریکہ اور بھارت جیسے ممالک کے پاکستان مخالف نظریے کو تقویت ملتی ہے۔