نیشنل لائبریری اور قومیکمیشن برائے وقار نسواں کے مابین خواتین ریسورس سینٹر کے قیام کے معاہدے پر دستخط

خواتین میں کتب بینی کی حوصلہ افزائی کیلئے پاکستان کاپہلا ریسورس سینٹر جلد قائم کیاجارہا ہے، مختلف مضامین پر معیاری کتب،مجلوں، تحقیقی مواد کی فراہمی میں ریسورس سینٹر معاون ثابت ہوگا،مشیروزیراعظم عرفان صدیقی کا تقریب سے خطاب

جمعرات 12 اکتوبر 2017 16:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء) وزیراعظم کے مشیر قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں خواتین میں کتب بینی کی حوصلہ افزائی اور مطالعہ کی عادت کے فروغ کے لئے نیشنل لائبریری میں پاکستان کا پہلا خواتین ریسورس سینٹر قائم کیاجا رہا ہے۔اس مقصد کے لئے قومی کمشن برائے وقار نسواں اور نیشنل لائبریری میں معاہدہ پر دستخط خوش آئند ہے۔

وہ جمعرات کو قومی تاریخ وادبی ورثہ میں خواتین ریسورس سینٹر کے قیام کے معاہدہ پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ معاہدے پر نیشنل لائبریری کی جانب سے ڈائریکٹر سید غیور حسین اور قومی کمشن برائے وقارِ نسواں کی طرف سے ڈائریکٹر سلیمان شاہ نے دستخط کئے۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ خواتین کی تعلیم اور ان میں کتب بینی کی عادت دراصل پوری نسل کی تعلیم اورمطالعہ کی عادت کے مثبت رجحان کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی حقیقی ترقی، خوش حالی اور معاشرے کی ہمہ گیر اصلاح کے لئے ہماری خواتین کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنااور انہیں جدید معاشرتی مسائل سے آگاہ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خواتین کی عزت، ان کے وقار کا تحفظ ہماری دینی، ملی اور قومی اقدار کا حصہ ہے۔ انہوں نے خواتین ریسورس سینٹر کے قیام پر نیشنل لائبریری، قومی کمشن برائے وقار نسواں اور قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے متعلقہ حکام کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ مرکز صنفی موضوعات کے علاوہ مختلف مضامین پر معیاری کتب،مجلوں، تحقیقی مواد کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔

ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اس مرکز سے تحقیقی اور علمی مواد کے سلسلے میں استفادہ کرسکیں گی۔ اس مرکز کی صورت میں ایک ایسا ادارہ وجود میں آگیا ہے جو خواتین کو تحقیق میں بھی مدد فراہم کرے گا۔ عرفان صدیقی نے نیشنل لائبریری کے ڈائریکٹر اور دیگر عملے کو ہدایت کی وہ خواتین کو یکسوئی کے ساتھ مطالعہ کرنے کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔

قومی کمشن برائے وقار نسواں کی چئیرمین پرسن محترمہ خاور ممتاز نے خواتین مرکز کے قیام کے لئے مشیروزیراعظم عرفان صدیقی کی سربراہی میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ علم وآگاہی کا فروغ ہی کسی معاشرے کو مثبت رجحانات سے ہمکنار کرسکتا ہے۔ یہ ریسورس سینٹر خواتین کی علمی اور شعوری ترقی میں اہم قدم ثابت ہوگا۔

معاہدے کے تحت نیشنل لائبریری میں قائم یہ ریسورس سینٹر قومی کمشن برائے وقار نسواں کے اشتراک سے خدمات انجام دے گا۔ اس موقع پر قومی کمشن برائے وقار نسواں کی چئیرپرسن محترمہ خاور ممتاز، وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن، سیکریٹری قومی کمشن برائے وقار نسواں ثمینہ حسن، جوائنٹ سیکریٹریز قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن سید جنید اخلاق، کیپٹن ریٹائرڈعبدالمجید نیازی، نیشنل لائبریری کے ڈائریکٹر سید غیور حسین اور دیگر حکام موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :