الیکشن کمیشن نے انتخابی رولز 2017ء کی منظوری دیدی

رولز کو ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا، تجاویز یا اعتراضات 15 روز میں جمع کرائے جا سکیں گے، چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 18:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2017ء) الیکشن کمیشن نے انتخابی رولز 2017ء کی منظوری دیدی۔ جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی صدارت میں کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ انتخابی رولز الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت تشکیل دیئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے افسران نے 200 اجلاسوں میں انتخابی رولز کو حتمی شکل دی۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی رولز 2017ء پر افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ تمام فریقین ان رولز کو سراہیں گے۔ انہوں نے رولز پر اطمینان کا اظہار کیا، ان انتخابی رولز کو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔ انتخابی رولز کے متعلق تجاویز یا اعتراضات 15 روز میں جمع کرائے جا سکیں گے۔ الیکشن کمیشن ان اعتراضات یا تجاویز کو زیر سماعت لا کر فیصلہ کرے گا۔ الیکشن ایکٹ 2017ء میں 8 قوانین کو یکجا کیا گیا تھا۔ الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 239 کے تحت الیکشن کمیشن کو رولز بنانے کا اختیار دیا گیا ہے۔