22اکتوبر کو" عزم نو کنونشن -" عوام میں تبدیلی کا جذبہ اور ولولہ پیدا کرے گا‘ ذکر اللہ مجاہد

22اکتوبر کا دن جماعت اسلامی کی مخلص قیادت اور متحرک کارکنان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہو گا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 18:49

22اکتوبر کو" عزم نو کنونشن -" عوام میں تبدیلی کا جذبہ اور ولولہ پیدا کرے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) میر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام 22اکتوبر کو ہونے والا" عزم نو کنونشن -" عوام میں تبدیلی کا جذبہ اور ولولہ پیدا کرے گا ۔ 22اکتوبر کادن جماعت اسلامی کی مخلص قیادت اور متحرک کارکنان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہوگا ۔ عزم نو کنونشن سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے جبکہ جماعت اسلامی کی مرکزی ، صوبائی اور ضلعی قیادت کے علاوہ بڑی تعدا د میں شہر بھر سے مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے حضرات وکلاء ، اساتذہ ، تاجر برادری اور نوجوانوں سمیت بچے اور خواتین کی کثیر تعداد شریک ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے وحدت گرائونڈ میں 22اکتوبر کو ہونے والے عزم نوکنونشن کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ،سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمودالاحد ، رہنما جماعت اسلامی لاہورخلیق احمد بٹ ، احمد سلمان بلوچ و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کی نااہلیوں کی وجہ سے ملک میں سیاسی کشمکش سے عوام پریشان اور اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں ۔ حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں ،لوگوں کے مسائل میں کمی کی بجائے روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ان حالات میں" عزم نوکنونشن"کے ذریعے ہم عوامی رابطہ مہم موثر اور جوش وخروش کے ساتھ چلا کر ملک میں کرپشن اور کرپٹ افراد کے احتساب کے سلسلے کو آگے بڑھائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :