پنجاب یونیورسٹی امیدواروں کے کوائف کی تصدیق نادرا سے کرائے گی، معاہدہ طے پا گیا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 18:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) پنجاب یونیورسٹی رجسٹریشن کیلئے درخواست دینے والے تمام امیدواروں کے کوائف کی تصدیق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) سے کرائے گی۔اس سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی اور نادرا حکام کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، ایڈیشنل کنٹرولرز روف نواز اور شاہد جاوید،قائمقام خزانہ دار راو،ْ محمد شریف، نادار کی پبلک سروس ڈائریکٹوریٹ کی ڈائریکٹر جنرل مسزفضحہ شاہد، ڈائریکٹر ویریفیکیشنز قاسم رضوی، ویریسز ٹیم لیڈر اسد علی بھٹی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

معاہدے کی رو سے پنجاب یونیورسٹی رجسٹریشن کیلئے آن لائن درخواست دینے والے تمام امیدواروں کے کوائف تصدیق کے لئے نادرا کو بھیجے گی جو کہ چند دنوں میں ریکارڈ کی تصدیق کے سلسلے میں رپورٹ پنجاب یونیورسٹی کو ارسال کرے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ نادرا کے ساتھ معاہدہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کے اس ویژن کے تحت طے پایا ہے جس کے تحت یونیورسٹی میں ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ فرسودہ نظام کی جگہ جدید نظام اپنا رہی ہے۔ اجلاس میں دونوں اداروں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے لئے مزید مواقعوں پر بھی بات چیت کی گئی۔