خواتین پر چاقو سے حملے کرنے والا پولیس کے لیے کمائی کا ذریعہ بن گیا

پولیس خواتین کو زخمی کرنے والے ملزم کی آڑ میں بے گناہوں کو گرفتار کرکے پیسے بٹور رہی ہے

جمعرات 12 اکتوبر 2017 21:24

خواتین پر چاقو سے حملے کرنے والا پولیس کے لیے کمائی کا ذریعہ بن گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) خواتین پر چاقو سے حملے کرنے والا پولیس کے لیے کمائی کا ذریعہ بن گیا ہے۔کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں 25 ستمبر سے شروع ہونے والی وارداتوں میں اب تک ایک درجن سے زائد خواتین زخمی ہوچکی ہیں جس میں نامعلوم شخص خواتین کو تیز دھار آلے سے زخمی کررہا ہے۔پولیس نے ملزم کی تلاش میں اپنے تمام گھوڑے دوڑا لیے لیکن ملزم چھلاوے کی طرح پولیس کے ہاتھ نہیں آیا۔

تاہم اب یہی ملزم پولیس کے لیے کمائی کا ذریعہ بن گیا ہے اور پولیس اس ملزم کی آڑ میں بے گناہوں کو گرفتار کرکے پیسے بٹور رہی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ نے اینٹی وائلٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) گارڈن میں چھاپہ مار کر 7 افراد کو بازیاب کرالیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ کو ایک شخص جمال شاہ نے درخواست دی تھی جس کے دو بیٹوں کو پولیس نے خواتین کو چھرا مارنے کے الزام میں کورنگی سے حراست میں لیا تھا جب کہ اسی شخص کوبھی پولیس اسی الزام میں حراست میں لے چکی تھی اور اسے 5 لاکھ روپے رشوت لے کر چھوڑا گیا۔

(جاری ہے)

جمال شاہ کی درخواست پر جب جوڈیشل مجسٹریٹ نے چھاپہ مارا تو سیل سے 3 کی بجائے 7 افراد کو بازیاب کرایا گیا ہے۔واقعے کے بعد ڈی ایس پی اور 2 انسپکٹروں کوگرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :