پاکستانی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش

چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے سری لنکا کیخلاف سیریز لازمی جیتنا ہوگی جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کرسکتی ہے

جمعرات 12 اکتوبر 2017 21:31

پاکستانی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے کا چیلنج ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا ا آغازکل سے دبئی میں ہو رہا ہے،ون ڈے اسکواڈ بھرپور ٹریننگ میں مصروف ہے، ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے درجے سے محروم ہونے والی پاکستانی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی چجٹی پوزیشن برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے،کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وہ شکست بھلا کر نئے سرے سے میدان میں اتریں گے۔

پاکستان کو ون ڈے رینکنگ میں چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے سری لنکا کیخلاف سیریز لازمی جیتنا ہوگی جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کرسکتی ہے۔آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں بھارت کی ٹیم پہلی پوزیشن پرموجود ہے جبکہ جنوبی افریقہ دوسرے ، آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، پاکستان چھٹی، بنگلہ دیش ساتویں اور سری لنکا آٹھویں پوزیشن پر براجمان ہے۔

(جاری ہے)

چیمپیئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم ورلڈ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی خفت سے بچنے میں تو کامیاب رہی لیکن اب سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کو چھٹی پوزیشن کو برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔ٹیسٹ سیریز میں 2-0 کی غیرمتوقع شکست اور چھٹی پوزیشن سے محروم ہونے کے بعد پاکستان آج سے شروع ہونے والی سیریز میں اپنی رینکنگ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔

عالمی درجہ بندی میں پاکستان 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، بنگلہ دیش 94 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں اور سری لنکا 86 پوائنس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔اگر پاکستانی ٹیم پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں سری لنکا کیخلاف کلین سوئپ کرتی ہے تو بھی وہ چھٹے نمبر پر ہی موجود رہے گی اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 99 ہو جائے گی۔سیریز میں 4-1 سے کامیابی کی صورت میں بھی قومی ٹیم کی پوزیشن برقرار رہے گی اور اس کے پوائنٹس 97 ہو جائیں گے جبکہ 3-2 سے فتح قومی ٹیم کے پوائنٹس 95 ہی رہیں گے۔

سیریز 3-2 سے ہارنے کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس 93 اور سری لنکا کے 88 ہو جائیں گے جبکہ 4-1 یا 5-0 سے کلین سوئپ شکست کے نتیجے میں پاکستان کے پوائنٹس 91 اور سری لنکا کے 89 ہو جائیں گے۔سری لنکا نے اگر 4-1 سے سیریز جیتی تو پاکستان ساتویں نمبرپرچلا جائیگا البتہ سری لنکا کی 3-2 سے کامیابی پر رینکنگ کا انحصار بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے نتائج پر ہوگا۔

بنگلہ دیش اگر تین میچوں کی سیریز کا ایک بھی میچ جیتا تو پاکستان ساتویں پوزیشن پر آجائیگا جبکہ بنگلہ دیش کیخلاف کلین سوئپ کرکے جنوبی افریقہ ون ڈے رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن پر آسکتا ہے۔ دوسری جانب قومی کرکٹرز کی دبئی میں ٹریننگ جاری ہے، فخر زمان، احمد شہزاد، امام الحق، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، جنید خان سمیت دیگر کھلاڑیوں نے آئی سی سی اکیڈمی میں فل سوئنگ سیشن کیا۔

کھلاڑیوں نے فیلڈنگ ڈرلز کی جبکہ پاوورہٹنگ بیٹنگ پریکٹس بھی کی جارہی ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا میچ 16 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا، تیسرا میچ 18 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا، چوتھا میچ 20 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلا جائیگا جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے کرکٹ میچ 23 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلا جائیگا اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا، دوسرا میچ 27 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ 29 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔