کوہاٹ ، ٹریفک حادثات اور شہد کی مکھیوں کے حملے میںبچے سمیت تین افراد جاں بحق، ایک زخمی ،پولیس نے ڈرائیور ملزمان کو گرفتار

جمعرات 12 اکتوبر 2017 22:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) کوہاٹ میں ٹریفک حادثات اور شہد کی مکھیوں کے حملے میںبچے سمیت تین افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔پولیس نے ڈرائیور ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ ہنگو روڈ پر واقع علاقہ محمد زئی میں تیز رفتار موٹر کارنمبر اسلام آباد HC-690ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک پار کرنیوالے پانچ سالہ بچے خان محمد پر چڑھ دوڑا جسکے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاکر موت کے منہ میں چلا گیا۔

متوفی کی لاش لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالہ کردی گئی جبکہ پولیس تھانہ چھائونی نے حادثے کا مقدمہ موٹر کار ڈرائیور نیاز بادشاہ ولد سید بادشاہ سکنہ نصرت خیل کے خلاف درج کرتے ہوئے انہیںگاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح ٹریفک کا ایک حادثہ کوہاٹ پنڈی روڈ پرپولیس ٹریننگ سکول ( RTW)کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر کے نتیجے میںاورکزئی ایجنسی سے تعلق رکھنے والا ابراہیم ولد عالم خان اور اسکا بیٹامصور خان شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر ابراہیم زندگی کی بازی ہار گیاجسکی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد اپنے آبائی علاقے اورکزئی ایجنسی کو روانہ کردی گئی جبکہ اسکے بیٹے مصور کوزخمی حالت میں ہسپتال داخل کرادیا گیا۔

حادثے کی اطلاع پر تھانہ محمد ریاض شہید پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور موٹر سائیکل ڈرائیور محمد عاقب ولد سعید خان ساکن حیات شہید کالونی کو حراست میں لیکر اسکے خلاف غفلت و بے احتیاطی سے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے قتل باالسبب کے مرتکب ہونے کا مقدمہ درج کرلیا۔دریں اثناء کوہاٹ کے علاقہ میاں گان کالونی کے موضع اکبر آباد میں شہد کی مکھیوں کے حملے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔مقامی نوجوان عبدالقادر نے شہد توڑنے کیلئے جونہی چھتے میں ہاتھ ڈالا تو شہد کی مکھیاں اس پر حملہ آور ہوئیں اور اسے ڈنگ مارتے ہوئے بے ہوش کردیانوجوان کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا لیکن راستے میں ہی اسکی سانسیں تھم گئی اور وہ جان سے ہاتھ دھوبیٹھا۔