اسلام آباد میں کسی بھی قسم کی تجاوزات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز

جمعرات 12 اکتوبر 2017 22:41

اسلام آباد میں کسی بھی قسم کی تجاوزات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اکتوبر2017ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کسی بھی قسم کی تجاوزات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گااور اسلام آباد کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور تجاوزات کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے تک تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔

وہ جمعرات کو سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے متعلق ہونے والے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے افسران کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈ ی اے شیخ انصر عزیز نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے تمام علاقوں میں جاری آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں سے بات چیت کی جائے تاکہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسی ڈی اے کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے بتایا کہ اسلام آباد میں تجاوزات اورسی ڈی اے کے بائی لاز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایات پر شروع کیا گیا اور اس آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے شہر بھر میں یہ آپریشن بھر پور طریقے سے جاری ہے جو باقاعدہ ایک شیڈول کے مطابق کیا جا رہاہے۔ ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے اجلاس میں بتایا کہ شیڈول کے مطابق جاری یہ آپریشن 31 اکتوبر تک جاری رہے گا جس میں آبپارہ مارکیٹ، مرکز F-10 ،مرکزF-7 ،کراچی کمپنی مرکز G-9 ،مرکز آئی8- ،مرکزG-10 ،مرکزI-10 اور مرکزF-11 کوتجاوزات کے خاتمے کے لیے ھدف مقرر کیا گیا تاکہ مارکیٹوں اور مراکز میں خرید و فروخت کے لیے آنے والوں کو ہونے والی مشکلات پر قابو پایا جا سکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو تجاوزات کے خلاف جاری اس آپریشن میں سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن کے تمام شعبوں کی بھر پور معاونت حاصل ہے۔ ادارے کے مختلف شعبوں کی طرف سے مشینری کے علاوہ عملے کی فراہمی کے لیے گریڈ17 کے افسران نگرانی کریں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے علی جاوید ڈپٹی مجسٹریٹ کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ سی ڈی اے کی طرف سے تجاوزات کے خلاف اس آپریشن میں معاونت کریں گے تاکہ امن وامان کی صورتحال پر قابو پانے کے علاوہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے جبکہ متعلقہ علاقے کا ایس ایچ او اور بھر پور معاونت بھی فراہم کرے گا۔

دریں اثناء ایس ایس پی (آپریشن) اسلام آباد سے یہ درخواست بھی کی گئی ہے کہ وہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کو کامیاب کرنے کے لیے مزید دو ریزرو پولیس کی ٹیمیں دیں جو آپریشن کے دوران انفورسمنٹ کے عملے کی مدد کریں گے تاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے تجاوازت کے خاتمے کی ہدایات پر موئثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے انفورسمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد رمضان اور میاں دبیر علی کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے تاکہ مختلف شعبوں کی طرف سے دی گئی معاونت کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :