خیبرپختونخوا حکومت کا تعلیم کے حوالے سے عزم ہر قسم کے شک و شبے سے بالاتر ہے کیونکہ تعلیم مکمل طور پر ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے،پرویز خٹک

تعلیم ریاست کے کنٹرول میں ہواور ریاست ہی اسے ریگولیٹ کرے،ریاست تعلیم کو اپنی کل وقتی ذمہ داری سمجھ کر سہولیات فراہم کرے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

جمعرات 12 اکتوبر 2017 22:52

خیبرپختونخوا حکومت کا تعلیم کے حوالے سے عزم ہر قسم کے شک و شبے سے بالاتر ..
نوشہرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت کا تعلیم کے حوالے سے عزم ہر قسم کے شک و شبے سے بالاتر ہے کیونکہ تعلیم مکمل طور پر ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ تعلیم ریاست کے کنٹرول میں ہواور ریاست ہی اسے ریگولیٹ کرے۔ریاست تعلیم کو اپنی کل وقتی ذمہ داری سمجھ کر سہولیات فراہم کرے تاکہ سب کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع میسر ہوں تاہم تعلیم کے حوالے سے نجی شعبے کے کردار کو بھی نظر اندازنہیں کیا جا سکتا۔

وہ بیکن ہائوس سکول سسٹم کے تحت نوشہرہ میں نئے کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔بیکن ہائوس کے چیف ایگزیکٹیو قاسم قصوری اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ناصر قصوری نے بھی خطاب کیا۔ ضلعی ناظم لیاقت خٹک اور ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک بھی ا س موقع پر موجو دتھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخو اکے عوام نے تحریک انصاف کو 2013 میں عوامی خدمت کیلئے مینڈیٹ دیا تھا۔

جب ہم حکومت میں آئے تو صوبہ بے شمار مسائل سے دوچار تھا۔ دہشت گردی عروج پر تھی ۔ آئی ڈی پیز کی کثیر تعداد کے علاوہ قدرتی آفات نے انفراسٹرکچر تباہ کردیا تھا ۔بنیادی خدمات کی فراہمی کا نظام بہت کمزور تھا ۔ سب سے بڑھ کر سرکاری اداروں اور سماجی خدمات کی فراہمی کیلئے اُن کی استعداد پر سے عوام کا اعتماد اُٹھ چکا تھا ۔تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات بھی مناسب طریقے سے فراہم نہیں کی جارہی تھیں۔

ان حالات میں تحریک انصاف نے عوامی خواہشات اور ضروریات کے مطابق تبدیلی کے عمل کا آغاز کیا۔جس کا مقصد امن عامہ کی بحالی ، انصاف تک رسائی ، معیاری طبی خدمات کی فراہمی اور سب سے بڑھ کر صوبے کے تمام بچوں کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا تھا ۔انہوںنے کہاکہ ہم عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق ڈیلیور کرنے کے قابل ہو گئے ہیں ۔ خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں معیاری طبی خدمات کی فراہمی کا عمل شروع ہے ۔

شعبہ پولیس میں اصلاحات کے ذریعے ہم محکمہ پولیس میں دہشت کے خاتمے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ خیبرپختونخوا پولیس اب سکیورٹی اور تحفظ کی علامت بن چکی ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ شعبہ تعلیم میں اصلاحات کے بھی دور رس اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔جس نے خیبرپختونخو امیں تعلیمی نظام کو مثبت تبدیلی کے ٹریک پر ڈال دیا ہے۔ ہم اپنی توانائیاں، وقت اور وسائل سب کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے خرچ کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ہم سرکاری اداروں پر عوام کے اعتماد کو بحال کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایک مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔حکومت شعبہ تعلیم میں درپیش چیلنجز سے بڑے جامع طریقے کے ساتھ نمٹ رہی ہے۔خیبرپختونخو اکے ہر طالب علم کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔

سکولوں میں لٹیرین ، بجلی اور پینے کے صاف پانی سمیت دیگر ناپید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو قابل اور محنتی اساتذہ دینے کیلئے پر عزم ہیں۔ صوبے میں 40 ہزار نئے اساتذہ شفاف طریقہ کار کے ذریعے میرٹ پر بھرتی کئے گئے ہیں،جبکہ 83 ہزار اساتذہ کو فن تدریس پر تربیت دی جارہی ہے ۔پرائمری کی سطح پر بنیادی انگلش شروع کر چکے ہیں۔

صوبے میں موجود درسی کتب کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کیلئے نظر ثانی کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہر بچے کے تعلیم تک رسائی کے حق کو یقینی بنانے کیلئے سکول سے باہر بچوں کا ڈیٹا اکھٹا کیا گیا ہے۔صوبے کے ہر بچے کو سکول میں داخل کرانا اور اُسے معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرنا، ہمارے تبدیلی کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے ۔ جو کچھ میں نے کہا یہ کوئی سیاسی بیان نہیںبلکہ حقیقت ہے۔

ہم اپنے عزم کے مطابق کام کرکے دکھانے پر یقین رکھتے ہیں۔کسی بھی سیاسی عزم کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وسائل کی فراہمی سب سے بڑا امتحان ہوتی ہے۔ ہماری حکومت نے شعبہ تعلیم کیلئے بجٹ میں کئی گنااضافہ کیا ہے۔اس وقت خیبرپختونخوا میں تعلیم کا بجٹ دیگر تما م صوبوں سے زیادہ ہے۔انہوںنے نوشہرہ میں بیکن ہائوس سسٹم کی برانچ قائم کرنے پر سکول کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور اُمید ظاہر کی کہ اس ادارے کی وجہ سے پورے علاقے میں تعلیم و تدریس کے جدید رجحانات کے راستے ہموار ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :