حکومت ٹیکسٹائل کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے برآمدکنندگان کیلئے ہر ممکن آسانیاں و ضروری مراعات بھی دے گی،شاہد خاقان عباسی

ٹیکسٹائل پیکیج کے تحت 7 فیصدمراعات کیلئے دس فیصد اضافہ کی شرط کو ختم کرنے کیلئے ایس آر او آئندہ چند روز تک جاری کر دیا جائیگا،فیڈریشن آ ف پاکستان چیمبرز کے وفد سے ملاقات

جمعرات 12 اکتوبر 2017 22:54

حکومت ٹیکسٹائل کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے برآمدکنندگان کیلئے ہر ..
فیصل آباد/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے برآمدکنندگان کیلئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کرنے کے علاوہ انہیں ضروری مراعات بھی دے گی اور اس سلسلہ میں ٹیکسٹائل پیکیج کے تحت 7 فیصدمراعات کیلئے دس فیصد اضافہ کی شرط کو ختم کرنے کیلئے ایس آر او آئندہ چند روز تک جاری کر دیا جائیگا۔

وہ فیڈریشن آ ف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے ملاقات کر رہے تھے جس کی قیادت میاں محمد ادریس نے کی۔ اس ملاقات کے دوران فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نمائندگی سابق صدر انجینئر محمد سعید شیخ اور سید ضیا ء علمدار حسین نے کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکسٹائل کو پاکستان کی مجموعی برآمدات میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ حکومت نے 180 ارب روپے کے ٹیکسٹائل پیکیج کے اعلان کے بعد برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت دس فیصد اضافہ کی شرط بھی ختم کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدکنندگان کیلئے انتہائی سازگار فضاء پیدا کرنا چاہتی ہے اور اس کیلئے اعلیٰ سطح پر ضروری اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے برآمدکنندگان سے کہا کہ وہ اپنے مسائل فوری طور پر ان کے نوٹس میں لائیں تا کہ انہیں حل کرنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ برآمدکنندگان اپنی تمام تر توجہ برآمدات بڑھانے پر دیں کیونکہ ان کے ذریعے ہی ہم پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم بنا سکتے ہیں۔ ریگولیٹری ڈیوٹی کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ فی الحال حکومت ان اشیاء کی نشاندہی کرنے پر غور کر رہی ہے جن پر ریگولیٹری ڈیوٹی نافذ کی جا سکتی ہے۔ تا ہم انہوں نے برآمدکنندگان کو یقین دلایا کہ حکومت کوشش کرے گی کہ ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ سے قبل تاجروں کے نمائندوں سے مشاورت کر لی جائے۔

میاں محمد ادریس نے بتایا کہ وزیر اعظم نے یقین دلایا ہے کہ یکم جولائی سے 30 دسمبر2017 تک کیلئے نوٹیفیکیشن جلد جاری کیا جا رہا ہے جس کے تحت 10 فیصد اضافے کی شرط کو بھی ختم کر دیا جائیگا۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نمائندگی کرتے ہوئے سابق صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے بتایا کہ فیصل آباد کو ٹیکسٹائل کی برآمدات میں کلیدی حیثیت حاصل ہے اور اس سلسلہ میں کسی بھی غلط فیصلے سے سب سے پہلے اور زیادہ یہی شہر متاثر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل پیکیج کی وجہ سے برآمدات میں بتدریج کمی کا سلسلہ رک گیا ہے۔ تاہم ضرورت اس امرکی ہے کہ ٹیکسٹائل پیکیج کے تحت مراعات کے سلسلہ میں بھی ایس آر او فی الفور جاری کیا جائے ۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اس مطالبے کو بھی دوہرایا کہ صنعتی خام مال پر ریگولیٹری ڈیوٹی کا ہر گز نفاذ نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ اس کی وجہ سے برآمدات پر مزید منفی اثر پڑے گا۔