شہریوں کو غیرقانونی حراست میں رکھنا باعث تشویش ہے ،آئی جی سندھ

جمعرات 12 اکتوبر 2017 23:14

شہریوں کو غیرقانونی حراست میں رکھنا باعث تشویش ہے ،آئی جی سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے مختلف تھانہ جات اور باالخصوص اسپیشلائزڈ یونٹس میں شہریوں کو غیرقانونی تحویل/حراست میں رکھے جانے کے بڑھتے ہوئے واقعات نوٹس میں آنے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے حال ہی میں تھانہ فیروزآباد اور اے وی سی سی میں شہریوں کو غیر قانونی حراست میں رکھے جانے کے دو واقعات پر کہا کہ یہ نا صرف غیرقانونی عمل ہے بلکہ ایسے واقعات شہریوں کے لیئے شدید تشویش کا بھی باعث ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کراچی پولیس سمیت پوری پولیس فورس کا ایسے واقعات سے امیج خراب ہوتا ہے ۔انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی،ڈی آئی جی سی آئی اے کراچی اور زونل ڈی آئی جیز کراچی کو جاری کیئے گئے ایک مکتوب میں کہا کہ ڈسٹرکٹس/زونز/اسپیشلائزڈ یونٹس کے کمانڈنگ افسران اپنی سپرویژن کو مؤثر بناتے ہوئے تھانہ جات/یونٹس کا مستقل بنیادوں پر وزٹ کو یقینی بنائیں اور شہریوں کو غیرقانونی حراست میں رکھے جانیکے عمل پر نگاہ رکھیں تاکہ مرتکبین/ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کاروائی کو دیگر پولیس افسران اور جوانوں کے لیئے ایک مثال بنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :