قندیل بلوچ قتل کیس میںمفتی عبدالقوی کی عبوری ضمانت منظور،ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری

جمعہ 13 اکتوبر 2017 00:41

ملتان۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) قندیل بلوچ قتل کیس میں ملزم مفتی عبدالقوی کی عبوری ضمانت منظور کر نے کے ساتھ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔اس ضمن میں سیشن جج ملتان نے مفتی عبدالقوی کی عبوری ضمانت منظورکرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے اورپولیس تھانہ مظفرآبادکو17 اکتوبر کوریکارڈپیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

فاضل عدالت میں مفتی عبدالقوی نے اپنے وکیل محبوب عالم خان کے ذریعے درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری دائر کی تھی کہ اس نے قبل ازیں بھی درخواست ضمانت دائر کی تھی جو 11 ستمبر کوواپس لینے پر خارج کردی گئی تھی تاہم اب دوبارہ اس کو ملو ث کرکے اس کی دینی ،سماجی اورسیاسی شخصیت کوداغ دارکرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ دینی گھرانے سے تعلق رکھتاہے اورملکی وغیرملکی ٹی وی چینلز کے پروگراموں میں بھی شرکت کرتاہے اورمقدمہ میں نامزدملزم نہیں ہے اورمقتولہ سے صرف ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کی بناء پرملوث کیاجارہاہے اس لیے بے گناہ ہونیکی وجہ سے ضمانت منظورکرنیکاحکم دیاجائے۔

(جاری ہے)

دریں اثنائ مقدمہ کے تفتیشی آفیسرسب انسپکٹر نوراکبرخان نے جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان کی عدالت میں درخواست پیش کی کہ ملزم مفتی عبدالقوی قندیل بلوچ قتل کیس میں شامل تفتیش نہیں ہو رہے ہیں اس لئے انھیں شامل تفتیش کرنے کے لئے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں جس پر فاضل مجسٹریٹ نے ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :