تحصیل کونسل ایبٹ آباد کے اجلاس میں این ایچ اے اور اے سی کی جانب سے بلدیاتی ایکٹ کی خلاف ورزی پر ممبران کا احتجاج

اے ٹی ایچ کے بی او جی کی چیئرمین شپ ہزارہ کو دینے، جیل کی متبادل جگہ پر تعمیر سمیت ویمن یونیورسٹی کے قیام کی قراردادیں منظور

جمعہ 13 اکتوبر 2017 14:20

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) تحصیل کونسل ایبٹ آباد کے اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آبادکی جانب سے بلدیاتی ایکٹ کی مبینہ خلاف ورزی پر تحصیل کونسل ایبٹ آباد کے ممبران کا احتجاج کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس میں قرارداد منظور کر کے مراسلہ سیکرٹری محکمہ بلدیات کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

تحصیل کونسل ایبٹ آباد میں گرلز ڈگری کالج ایبٹ آباد میں بھی اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے طالبات اور معلمات کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے بورڈ آف گورنر اراکین کی تقرری و چیئرمین شپ ہزارہ کو دینے، متبادل جگہ جیل کی تعمیر، وویمن یونیورسٹی کے قیام، لوئر تناول تحصیل کی حدود کا تعین بلدیاتی نمائندگان کی مشاورت سے مکمل کروانے کی قراردادیں بھی منظور کر لی گئیں۔

(جاری ہے)

تحصیل کونسل ایبٹ آباد کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت کنونیر سردار شجاع احمد ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبران تحصیل کونسل نے ایبٹ آباد جیل کے حوالے سے سیکورٹی کے معاملات پر ایوان کی توجہ دلاتے ہوئے واضح کیا کہ آبادی میں جیل کا قیام کسی بھی بڑے حادثہ کا باعث بن سکتا ہے جس کیلئے ضروری ہے کہ اسے آبادی سے باہر منتقل کیا جائے۔

ممبران نے واضح کیا ہے کہ نو تعمیر جیل عمارت میں ویمن یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے تا کہ بچیوں کی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے خواب کو شرمندہ تعمیر کیا جا سکے جس پر ایوان نے قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی۔ ممبران نے ایوان کی توجہ حالیہ این ایچ اے کارروائی پر دلاتے ہوئے واضح کیا کہ مذکورہ واقعہ بلدیاتی ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، انتظامی افسران نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ساتھ ملکر بلدیاتی ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔

ایوان نے قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی اور احتجاجی مراسلہ کمشنر ہزارہ و صوبائی حکومت کو ارسال کر دیا گیا۔ اس موقع پر ممبران تحصیل کونسل نے قبل ازیں گرلز کالج ایبٹ آباد واقعہ کی انکوائری کا بھی مطالبہ کیا۔ اجلاس میں ممبران نے ایوان کو بتایا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں بورڈ آف گورنر کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جس کیلئے چیئرمین شپ کا چنائو باقی ہے۔

تحصیل کونسل اجلاس میں بورڈ آف گورنر کا چیئرمین ہزارہ سے تعینات کرنے کی بھی قرارداد منظور کی گئی۔ اس موقع پر ممبران نے واضح کہا کہ لوئر تناول کے قیام کے سلسلہ میں حدود کا یقین کیا جا رہا ہے جس میں عوامی نمائندوں کو سرے سے نظر انداز کیا جا رہا ہے جس پر ایوان نے متفقہ قرارداد کے ذریعہ واضح کیا کہ لوئر تناول حدود تعین کے سلسلہ میں علاقہ سے منتضب نمائندوں سے مشاورت کی جائے وگرنہ بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

اجلاس میں ممبران کونسل نے توجہ دلائی کہ کنج گرائونڈ اور کالج گرائونڈ کی بندش سے شہر کے نوجوانوں پر کھیلوں کے دروازے بند کئے جا رہے ہیں، کنج گرائونڈ پر ہمارے بچوں اور شہر کے نوجوانوں کا حق ہے اور ضلعی سپورٹس آفیسر فی الفور انہیں کھولے۔ اجلاس نے تحصیل ناظم نے دھمتوڑ کو سہولیات کی فراہمی، کمیونٹی سنٹر کیہال کے وارڈ نمبر 15 سمیت ٹی اے میں دو سالوں میں کی گئی ترقیوں کی تحقیقات کے احکامات بھی جاری کئے۔

انجینئرنگ برانچ میں بہتری کی قرارداد منظور کر لی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل ناظم اسحق ذکریا نے کہا کہ این ایچ اے کے آپریشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر کا کردار بچگانہ رہا جس پر کمشنر ہزارہ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنج گرائونڈ ایبٹ آباد کو فی الفور خالی کرایا جائے اور اسے نوجوانوں کے حوالہ کیا جائے۔

انہوں نے ایوب میڈیکل کمپلیکس کے حوالہ سے تمام اسٹیک ہولڈرز و کلرک، ٹریڈرز، علماء اور صحافیوں کے کردار کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کاوش سے مسئلہ کا نہ صرف بہتر حل نکلا بلکہ بورڈ آف گورنر بھی تبدیل کر دیا گیا۔ انہوں نے تمام ممبران کی حمایت اور دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں کنوینر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔