اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو کی گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات

ادب کے فروغ کے لیے نئے منصوبوں اور ادیبوں کی فلاح وبہبودکے لیے کئے گئے اقدامات کے علاوہ اکادمی کے اشاعتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ، 70سالہ جشن آزادی تقریبات کے حوالے سے سیمینار کے اختتامی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی

جمعہ 13 اکتوبر 2017 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیونے لاہور میں پنجاب کے گورنر ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے اکادمی ادبیات پاکستان کے تحت ادب کے فروغ کے لیے نئے منصوبوں اور ادیبوں کی فلاح وبہبودکے لیے کئے گئے اقدامات کے علاوہ اکادمی کے اشاعتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

چیئرمین نے بیرون ملک ادیبوں کو قومی دھارے میں لانے کے لیے اکادمی کے اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ اکادمی بیرون ملک فوکل پرسن مقرر کر رہی جو وہاں کی ادبی سرگرمیوں میں معاونت کریں گے اور بیرون ملک مقیم اہل قلم کے کوائف فراہم کریں گے۔ اکادمی متعدد ممالک کے ادبی اداروں کے ساتھ ادب کے فروغ کے لیے تخلیقات کے تراجم اور ادیبوں کے تبادلے کے حوالے سے پیش رفت کر رہی ہے جن میں سے کئی ممالک کے ساتھ معاہدے بھی ہو چکے ہیں جس کے ذریعے پاکستانی ادب بیرون ملک متعارف ہوگا اور ان کا ادب پاکستانی قارئین کو ترجمہ کی صورت میسر ہوگا۔

(جاری ہے)

چیئرمین اکادمی نی70سالہ جشن آزادی تقریبات کے حوالے سے اکادمی ادبیات پاکستان ، لاہور کے تحت منعقد کیے جانے والے سیمینار’’پنجاب میں ادب:عہد بہ عہد (2017-1947) کے اختتامی اجلاس میںانہیں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی ۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اکادمی کی کارکردگی اور منصوبوںمیں پیش رفت کی تعریف کی اور اکادمی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی لی اور کہا کہ اکادمی اپنے مقصد میں کامیاب ہورہی ہے اور ادبی ادارے کے طور پر اس کا کام قابل تحسین ہے۔

انہوں نے اکادمی کے کام اور پاکستان کے تمام ادیبوں کو ساتھ لے کرچلنے کے اقدام کو سراہا ۔ انہوں نے 70سالہ جشن آزادی کے موقع پر اکادمی کے زیر اہتمام سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت قبول کر لی ۔ گورنر پنجاب کے اکادمی ادبیات پاکستان کے لاہور ا ور ملتان دفاتر کے لیے زمین اور دیگر معاملات کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین اکادمی نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔