شہر کی اہم چوراہوں پر تجاوزات کی بھر مار نے تاجروں سمیت شہریوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے‘ ذکر اللہ مجاہد

بازاروں میں تجاوزات کے باعث ٹریفک کاجام رہنا معمول جبکہ خریداروں کا پیدل چلنا بھی محال ہو جاتا ہے ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 13 اکتوبر 2017 17:23

شہر کی اہم چوراہوں پر تجاوزات کی بھر مار نے تاجروں سمیت شہریوں کا جینا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں ضلعی حکومت کی عدم توجہی کے باعث شہر کی مارکیٹوں ، بازاروں اور اہم چوہراہوں پر تجاوزات کی بھر مارنے تاجروں سمیت شہریوںکا جینا محال کر رکھا ہے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روزا نہوں نے اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کو تقویت دینے والی ٹائونز انتظامیہ ہے جو تجاوزات کے عوض اپنی جبیں گرم کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف تجارتی مراکز ہال روڈ ، بیڈن روڈ ، انارکلی بازار ، شاہ عالم مارکیٹ ، اچھرہ ، فردوس مارکیٹ ، برکت مارکیٹ ، اکبری منڈی ، اردو بازار ، سمیت قائم پلازوں اور بازاروں میں تجاوزات کی بھر مار لگی ہو ئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں تجاوزات کی بھر مار کاروباری سرگرمیوں کو مثاثر کیا ہوا ہے وہاں ٹریفک کے نظام کو بھی بری طرح تباہ کر رکھا ہے ۔ شہر کے بازاروں میں وسیع جگہ ہونے کے باوجود ٹریفک کا جام رہنا معمول جبکہ خریداروں کا پیدل چلنا بھی محال ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ چھوٹی بڑی مارکیٹوں اور بازاروں میں تجارتی مراکزمیں تجاوزات تاجروں کی جانب سے ہی کی جاتی ہیں جو اپنی دکانوں سمیت پبلک کی گزر گاہوں پر چھوٹے چھوٹے سٹالز قائم کروا دیتے ہیں ، جن سے روزانہ کی بنیاد پر کرایہ وصول کیا جاتا ہے جبکہ سرکاری سطح پر بھی کچھ ٹائونز کے اہلکاروں میں کالی بھیڑیں تجاوزات کے خلاف ایکشن لینے کی بجائے نظرانے وصول کرتی ہیں ۔

ذکر اللہ مجاہد نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ کاغذی کارروائیوں کی بجائے حقیقی طور پر شہر کی اہم چوراہوں اور تجارتی مراکز اوربازاروں میں تجاوزات کو فی الفور ختم کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے ۔