گورنر سندھ سے صدر مملکت کے کوآرڈینیٹر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 13 اکتوبر 2017 17:49

گورنر سندھ سے صدر مملکت کے کوآرڈینیٹر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے صدر مملکت کے کوآرڈینٹر چوہدری طارق فضل نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں جاری صورتحال، امن و امان کے قیام کے بعد صوبہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے تسلسل سے اضافہ، قومی معیشت کے استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد حکومت کی بھرپور توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے، صوبہ میں وفاق کے تعاون سے ضلع ٹھٹھہ، جیکب آباد، حیدرآباد، نوشہرو فیروز، کندھ کوٹ اور کراچی میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں، کراچی میں وفاق کے تعاون سے 50 ارب روپے سے لیاری ایکسپریس وے، گرین لائن اور K-IV سمیت دیگر منصوبے شروع کئے گئے ہیں جبکہ کراچی ترقیاتی پیکچ کے 25 ارب روپے اس کے علاوہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ صنعتی علاقوں اور بندرگاہوں کے اطراف میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو سکے، نجی سیکٹر کے فعال کردار سے لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دینے سے عوام کا حکومت پر اعتماد بڑھا ہے جو کہ خوش آئند ہے، حکومت بھی عوامی مفاد کو اہمیت دیتے ہوئے بھرپور اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

ملاقات میں صدر مملکت کے کوآرڈینیٹر چوہدری طارق فضل نے صوبہ میں اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت سب سے اہم ہے اس ضمن میں صوبہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو دور حاضر کی سہولیات حاصل ہو سکیں گی۔

متعلقہ عنوان :