شاہد خاقان عباسی کا وزیر اعظم بننا مری وکوٹلی ستیاں کی عوام کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے‘ شاہد ریاض ستی

جمعہ 13 اکتوبر 2017 19:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنماء ، سابق پارلیمانی سیکرٹری پنجاب شاہد ریاض ستی نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضلع راولپنڈی کی پہاڑی تحصیلوں بالخصوص کوٹلی ستیاں کی محرومیوں کا ازالہ کریں اور شہر وں میں بننے والے کسی بھی ایک میگا پراجیکٹ جتنی گرانٹ دے کر کوٹلی ستیاں کے عوام کو پختہ و صاف سڑکوں ، پینے کے صاف پانی اور تعلیم و صحت کی معیاری سہولیات دیں ․ یہاں کے عوام بجا طور پر ان سے توقع کر رہے ہیں کہ وہ اپنے علاقے کے عوام کی بہبود کیلئے خصوصی فنڈز جاری کریں گے ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو مسلم لیگ ن کے ورکروں اور معززین کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا وزیر اعظم بننا مری اور کوٹلی ستیاں کے عوام کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے اور ان علاقوں کے عوام اپنے وزیر اعظم سے امید کرتے ہیں کہ وہ ان کی محرومیوں اور مجبوریوں کا ازالہ کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ․ انہو ںنے مزید کہا کہ پہاڑی تحصیلوں سے جنگلات کا جس تیزی کے ساتھ صفایا ہو رہا ہے وزیر اعظم کو اس کا بھی نوٹس لینا چائییے اور عوام کو سستی اور متبادل کچن فائر فراہم کرکے جنگلات کی کٹائی کو روکنا چائییے ․