اقوام متحدہ کی جا نب سے اپنائے گئے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے وزارت منصوبہ بندی نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے،سرتاج عزیز

جمعہ 13 اکتوبر 2017 20:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2017ء) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جا نب سے اپنائے گئے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے وزارت منصوبہ بندی نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے، ان اہداف میں ترجیحات کے تعین اور ان کے عملی نفاذ کیلئے قابل عمل فریم ورک تشکیل دے کر متعلقہ حکومتوں، اداروں اور وزارتوں کے مابین تعاون کو یقینی بنانے کیلئے وزارت میں قائم پائیدار ترقی کے اہداف کو سپورٹ یونٹ اپنا بھرپور کردار یقینی بنائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کے اہم ستونوں میں عوام، امن، خوشحالی، زمین اور شراکت داری کے حوالہ سے مربوط حکمت عملی ان حصول کے اہداف کا اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان اہداف کے حصول کی حکمت عملی طے کرتے عام آدمی، اس کی فلاح اور اس کی زندگی پر ان اہداف کے بہترین اثرات کا ہر لحاظ سے خیال رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے ان اہداف کے حوصول کو یقینی بنانے کیلئے تین بنیادی ترجیحات کا تعین کیا ہے۔ پاکستان میں ان اہداف پر عملدرآمد کو تین ترجیحات میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں پہلی ترجیح ملک میں بھوک کا خاتمہ، اچھی صحت، معیاری تعلیم، صاف پانی اور نکاسی آب، بہتر روزگار، معاشی ترقی اور امن و انصاف شامل ہیں جبکہ ان کی دوسری ترجیح غربت کا خاتمہ، صنفی مساوات، عالمی خوشحالی، پائیدار شہر اور کمیونٹی، تحفظ ارض اور مستقبل کیلئے شراکت ہے۔

اہداف کی تیسری ترجیحات میں زیر آب حیات ، حیات برآب ، جدت اور بنیادی افراسٹرکچر اور تحفظ ارض شامل ہیں۔ آج اس مشق کے نتائج پر پائیدار ترقی کے اہداف یونٹ نے ڈپٹی چئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز کو بریفنگ دی جس میں ان اہداف کی منظوری کے بعد اگلے مرحلہ میں قومی اہداف کو صوبوں کے ساتھ باقاعدہ مشورے کے بعد تشکیل دیا جائے گا۔ جس کیلئے پائیدار ترقی کے اہداف کا سپورٹ یونٹ آئندہ ہفتوں میں صوبائی دارالحکومتوں کا دورہ بھی کرے گی۔

متعلقہ عنوان :