وزرت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انتھک کوششوں ،ٹیم ورک سے ٹی آئی پی کے معاملات کو دھارے میں لایا گیا ہے ، انوشہ رحمان

وزارت اور بورڈ کی مسلسل نگرانی سے ادارہ کی موجودہ انتظامیہ یوٹیلٹی بلوں کی مد میں 107ملین روپے بچانے میں کامیاب رہی ہے، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام

جمعہ 13 اکتوبر 2017 22:03

وزرت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انتھک کوششوں ،ٹیم ورک سے ٹی آئی پی کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2017ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ وزرت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی انتھک کوششوں اور ٹیم ورک سے ٹیلی فون انڈسٹریز آف پاکستان(ٹی آئی پی)کے معاملات کو دھارے میں لایا گیا ہے اور یہ سب کام گذشتہ تین سالوں کے دوران ٹی آئی پی کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کی ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے۔

وزارت اور بورڈ کی مسلسل نگرانی سے ادارہ کی موجودہ انتظامیہ یوٹیلٹی بلوں کی مد میں 107ملین روپے بچانے میں کامیاب رہی۔اسی طرح دیگر شعبہ جات میں خسارے میں کمی کے حوالے سے صورتحال میںبہتری آئی جس کے نتیجہ میں ادارہ کی خاطر خواہ بچت ہوئی۔ انہوں نے یہ بات آج جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں ٹی آئی پی کے 191ویں بورڈ آف ڈائریکٹر ز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ٹی آئی پی کے منیجنگ ڈائریکٹرنے اجلاس کو بتایا کہ غیر قانونی قابضین سے سرکاری رہائشیں خالی کروالی گئی ہیں اور انتظامیہ نادہندگان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ٹی آئی پی کے انتظامی معاملات کی درستگی کے لیے اصلاحی اقدامات کررہے ہیں تاہم بدقسمتی سے مذموم مفادات رکھنے والے کچھ مافیاز بورڈ کے فیصلوں پر عملدرآمد میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں اور یہ عناصر قانونی عمل پر الزامات لگاکر ایسا کررہے ہیں۔

وزیر نے واضح کیا کہ بورڈ کے فیصلوں کی کسی بھی خلاف ورزی اور عدم تعمیل کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے مافیاز کے خلاف قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے کمپنی کے 45ملین کے آپریشنل بجٹ کی منظوری دی گئی اور غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ ایم ڈی نے بورڈ کو یقین دلایا کہ بورڈ کے تمام فیصلوں پر ہرصورت میں عملدرآمد کیا جائے گا۔

بورڈ نے ٹی آئی پی کے موجودہ ایم ڈی اور اُن کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹیلی فون انڈسٹریز آف پاکستان کے بورڈ کے تمام فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی سیکرٹری رضوان بشیر خان ، ٹیلی فون اندسٹریز آف پاکستان کے ایم ڈی سید خالد گردیزی ، ممبر ٹیلی کام مدثر حسین ، ممبر لیگل آمینہ سہیل ، ہیومن ریسورسز ممبر طاہر مشتاق اور بورڈ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :