فلسطینیوں میں مصالحت غزہ کو امداد کی فراہمی میں اہم قدم ہے،امریکا

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 14:56

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اکتوبر2017ء) امریکی وزارت خارجہ نے فلسطینی تنظیموں اسلامی تحریک مزاحمت حماس اور تحریک فتح کے درمیان مصر کی زیرنگرانی طے پائے مصالحتی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن فلسطینی دھڑوں میں طے پائے مصالحتی معاہدے کو غزہ میں انسانی صورت حال کی بہتری کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی وزارت خارجہ نے غزہ کی پٹی کا انتظامی کنٹرول فلسطینی اتھارٹی کو دیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصالحتی معاہدہ اہم پیش رفت ہے جس کی مدد سے غزہ کی پٹی میں بحران کے شکار فلسطینیوں تک امداد کی رسائی کی راہ ہموار ہوگی۔خیال رہے کہ جمعرات کو فلسطینی تنظیموں حماس اور فتح نے مصری انٹیلی جنس وزیر میجر جنرل خالد فوزی کی زیرنگرانی مصالحتی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔دونوں جماعتوں نے یکم دسمبر تک غزہ میں تمام انتظامی امور قومی حکومت کو سپرد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :