سری لنکن کرکٹرز کا لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے پر تحفظات کا اظہار ،اپنے کرکٹ بورڈ کو خط لکھ کر آگاہ کردیا

سری لنکن بورڈ کے صدر ٹیم کو بھجوانے کیلئے کوشاں ،کھلاڑیوں کو ماضی میں سری لنکا کیلئے پاکستان کی مدد سے آگاہ کرینگے‘ ذرائع

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 18:00

سری لنکن کرکٹرز کا لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے پر تحفظات کا اظہار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2017ء) سری لنکن کرکٹرز نے لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے کرکٹ بورڈ کو خط لکھ دیا، معاملہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں زیر غور آئے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک کرکٹر کا کہنا ہے کہ اگرچہ کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان سے کھل کر انکار نہیں کیا تاہم ڈریسنگ روم میں ان کے رویے سے اندازہ ہورہا ہے کہ وہ لاہور میں میچ کھیلنے کے لئے تیارنہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سری لنکن بورڈ کے صدر تھلنگا سماتھی پالاٹیم کو بھجوانے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور وہ کھلاڑیوں سے اپیل کرینگے کہ جب سری لنکا اس طرح کی صورتحال کا شکار تھا تو پاکستان نے اس کی بڑی مدد کی تھی،اس لئے فرض بنتا ہے کہ اس ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کردار ادا کیا جائے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین یواے ای میں جاری سیریز کے آخر میں ایک ٹی ٹونٹی میچ 29 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول کیا گیا ہے۔