نیشنل پریس کلب کرکٹ چیمپئن شپ 2017ء کا شاندار اور رنگ رنگا آغاز

شہرت یافتہ عالمی کرکٹر شعیب اختر نے ٹرافی کی رونمائی کی پہلے روز 12 ٹیموں کے درمیان مقابل، چھ ٹیموں 92 نیوز، ڈان نیوز، اے پی پی، راولپنڈی بلیو، خیبر ٹی وی اور دنیا نیوز نے اگلے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 22:10

نیشنل پریس کلب کرکٹ چیمپئن شپ 2017ء کا شاندار اور رنگ رنگا آغاز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2017ء) نیشنل پریس کلب کرکٹ چیمپئن شپ 2017ء کا شاندار اور رنگ رنگا آغاز ہو گیا اور شہرت یافتہ عالمی کرکٹر شعیب اختر نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ پہلے روز 12 ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوئے جن میں سے چھ ٹیموں 92 نیوز، ڈان نیوز، اے پی پی، راولپنڈی بلیو، خیبر ٹی وی اور دنیا نیوز نے اگلے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

گزشتہ روز ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں ٹرافیوں اور کٹس کی رونمائی کی گئی اور 48 کپتانوں نے کٹس پہن کر کٹس کی رونمائی کی۔ تقریب میں شاندار آتش بازی کی گئی۔ اس موقع پر میوزیکل بینڈ نے شاندار دھنیں بکھیر کر حاضرین کے دل جیت لئے۔ حاضرین کے لئے موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ یہ تقریب نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد کی گئی جس میں میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز، ڈپٹی میئر ذیشان نقوی، معروف کرکٹر شعیب اختر، ممبر پی سی بی شکیل شیخ، آباد کے عارف جیوا، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، صدر این پی سی شکیل انجم، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں اور دیگر عہدیداروں کے علاوہ کثیر تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فضا میں غبارے بھی چھوڑے گئے۔ پہلے روز میچ شالیمار، بھٹو اور غوری کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں 92 نیوز نے ایکسپریس کو ہرا دیا۔ ایکسپریس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 15 اوورز میں 81 رنز سکور کئے۔ جواب میں 92 نیوز کی ٹیم نے 8.5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ کپتان جہانگیر منہاس دو وکٹیں لے کر مین آف میچ رہے۔

دوسرے میچ میں جہان پاکستان کو ڈان ٹی وی نے ہرا دیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جہان پاکستان کی پوری ٹیم 23 رنز پر ڈھیر ہو گئی ڈان ٹی وی کے کپتان ثمر عباس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کی اور چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور میچ آف دی میچ قرار پائے۔ ڈان ٹی وی بغیر کسی نقصان کے مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ تیسرے میچ میں خیبر ٹی وی نے شہرنامہ کی ٹیم کو ہرا دیا۔

شہرنامہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 120 رنز بنائے جواب میں خیبر ٹی وی کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ خیبر ٹی وی کے شہزاد احمد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 54 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ چوتھے میچ میں دنیا ٹی وی کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 150 رنز بنائے جواب میں نیو ٹی وی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 135 رنز بنا سکی اس طرح دنیا ٹی وی نے یہ میچ 15 رنز سے جیت لیا تاہم نیو ٹی وی کے اعتراض پر کمیٹی نے اس میچ کا نتیجہ روک لیا۔

اے پی پی اور راولپنڈی بلیو کی ٹیمیں مخالف ٹیمیں نہ آنے پر اگلے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر گئیں۔ ٹورنامنٹ میں آج اتوار کو بھی 6 میچ ہوں گے اور 12 ٹیموں مدمقابل ہوں گی۔ پہلا میچ آج ٹی وی اور ڈیلی ڈان میں بھٹو کرکٹ گرائونڈ میں ہوگا۔ دوسرا میچ بول ٹی وی اور نیوز ون کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تیسرا میچ پاکستان ٹو ڈے اور آئی این پی کے درمیان مارگلہ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔ چوتھا فارن میڈیا اور بولتا پاکستان کی ٹیموں کے درمیان مارگلہ کرکٹ گرائونڈ میں ہوگا۔ پانچواں میچ رائل ٹی وی اور ڈیلی احساس کے درمیان پنجاب کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ چٹھا میچ دنیا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پنجاب کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :