سعودی علاقے المعیصم کی مارکیٹ میں ہولناک آتشزدگی سے لاکھوں ریال کا سامان جل کر راکھ ہو گیا

اتوار 15 اکتوبر 2017 16:11

مکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) مکہ کے علاقے المعیصم کی مارکیٹ میں ہولناک آتشزدگی سے لاکھوں ریال کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ آگ اس قدر خطرناک تھی کہ وہاں سے اٹھنے والا دھواں میلوں دور سے دکھائی دے رہے تھے۔سعودی اخبارکے مطابق المعیصم میں واقع قدیم سامان فروخت کرنے والی مارکیٹ جہاں گھریلو فرنیچر اور دیگر اشیاء کی دکانیں ہیں ہفتے کی شام اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

(جاری ہے)

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی محکمہ شہری دفاع کے متعدد یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ فائر فائٹرز نے متاثرہ مقام کے اطراف میں مخصوص کیمیکل کا اسپرے کر دیا تاکہ آگ دیگر دکانوں تک نہ پہنچ سکے جبکہ دکانداروں نے بھی شہری دفاع کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنی دکانیں خالی کرنا شروع کیں۔ آخری اطلاعات کے مطابق محکمہ شہری دفاع کے متعدد یونٹ آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔

متعلقہ عنوان :