لاہور،کینیڈین خاندان کی بازیابی پر پاک فوج مبارکباد کی مستحق ہے، پاکستان عوامی تحریک

اتوار 15 اکتوبر 2017 20:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ کینیڈین خاندان کی بازیابی پر پاک فوج اس کے تربیت یافتہ افسران اور جوان مبارکباد کے مستحق ہیں،کامیاب آپریشن سے جہاں ایک خاندان بحفاظت بازیاب ہوا وہاں پاکستان کا پوری دنیا میں وقار بڑھا۔یہ کا میاب آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام ،سلامتی کے ادارے دہشتگردی کی ہر شکل سے نفرت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دنیا اچھی طرح جان لے پاکستان کی افواج اور اس کے عوام انسانیت کے احترام اور تقدس پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہیں اور نہ ہی پاکستان کی سر زمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال ہونے دیا جائیگا ۔دہشتگرد پاکستان کے بیرونی دنیا سے تعلقات خراب کرنے اور بد اعتمادی پیدا کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے مگر افواج پاکستان اور عوام مل کر دشمنوں کے ہر ناپاک ارادے کو ناکام بناتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

نور اللہ صدیقی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ کینیڈین خاندان بحفاظت اپنے ملک پہنچ گیا ہم اس پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج اور عوام نے دہشتگردی کی جنگ میں 73ہزار سے زائد جانی قربانیاں دیں،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک عوام اور افواج مل کر لڑتے رہیں گے۔