پاکستان کو درپیش مسائل میں سے سب سے اہم مسئلہ منشیات کا پھیلائو ہے ،نوجوان نسل کو اس سے بچانے کیلئے وفاقی و چاروں صوبائی حکومتوں پولیس اور انسداد منشیات کے اداروں سمیت معاشرے کو مل کر کام کرنا چاہیے ،شاہد ریاض ستی

اتوار 15 اکتوبر 2017 20:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنماء ، سابق پارلیمانی سیکریٹری پنجاب شاہد ریاض ستی نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش مسائل میں سے سب سے اہم اور سنگین مسئلہ منشیات کا پھیلائو ہے جسے روکنے اور نوجوان نسل کو اس سے بچانے کیلئے وفاقی و چاروں صوبائی حکومتوں ، پولیس اور انسداد منشیات کے اداروں کے علاوہ معاشرے کے باشعور طبقات کو مل کر کام کرنا چائییے ․ حکومت کو چاہے،کہ وہ فوری طور پر پاکستان کے مستقبل کو تباہ و برباد کرنے والے اس ناسور کا خاتمہ کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے اور ایک ہنگامی قومی مہم شروع کرکے منشیات کی تیاری اور استعمال کو روکنے کی عملی کوششیں کرے۔

(جاری ہے)

اتوار کو انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر سے کراچی تک تمام شہری اور دیہی علاقوں میں منشیات فروشی کی بہت تیزی سے فروغ حاصل ہو رہا ہے اور جو کام پاکستان اور اسلام کے دشمن آتش و آہن سے نہیں کر سکے وہ منشیات کا نشہ کر رہا ہے جو ہماری نوجوان نسل کو مدہوش کرکے اس کی فکری و جسمانی صلاحیتوں کو سلب کر رہا ہے ․ یہ انتہائی سنگین مسئلہ ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ․ شاہد ریاض ستی نے پاکستان مسلم لیگ ن ، پاکستان تحریک انصاف ، پی پی پی اور دیگر تمام سیاسی جماعتوں ، قومی اسمبلی ، سینٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلہ کی سنگینی کا ادراک کریں اور دیگر تمام مسائل اور سیاسی امور پر اس کو ترجیح دیتے ہوئے قوم کے مستقبل کو تباہی و بربادی سے بچانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں ․ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی قیادت اور اداروں کی لاپرواہی کے باعث آج ہماری نوجوان تعلیم سے دور ہو کر نشے کی لت میں گرفتار ہو رہے ہیں اور یہی ہماری تباہی کی بنیاد بن سکتا ہے اس لئے حکومت کو چائییے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے ساتھ ملا کر ایک قومی مہم شروع کرے تاکہ معاشرے میں پھیلتے اس ناسور کو روکا اور ختم کیا جا سکے ․