لیگی وائس چیئر مینز کااختیارات نہ ملنے کیخلاف جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب کی رہائشگاہ کے باہر پر امن دھرنا دینے کا اعلان

ہمیں صر ف تائید کیلئے رکھا گیا ہے ،اب حمزہ شہباز سے نہیں صرف وزیر اعلیٰ پنجاب سے ہی ملاقات کرینگے ‘ چائنہ سکیم میں منعقدہ اجلاس میں خطاب

اتوار 15 اکتوبر 2017 21:11

لیگی وائس چیئر مینز کااختیارات نہ ملنے کیخلاف جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2017ء) لاہور کی مختلف یونین کونسلوں سے تعلق رکھنے والے لیگی وائس چیئر مینز نے اختیارات نہ ملنے کیخلاف جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب کی رہائشگاہ کے باہر پر امن دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں کئے جائینگے احتجاج جاری رہے گا ، بلدیاتی نمائندوںنے کہا ہے کہ اب حمزہ شہباز سے نہیں بلکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے ہی ملاقات کرینگے اور اپنے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کریں گے۔

(ن) لیگ سے تعلق رکھنے والے وائس چیئرمینز اتحاد نے چائنہ سکیم میں جمع ہوئے اور ا پنے مطالبات پیش کئے ۔ وائس چیئرمینزعرفان تاج ،چودھری ندیم ،رضوان بیگ ،حاجی محمد بٹ ،ملک عثمان،مومن بٹ ،جہانزیب اعوان ،عامر جان سمیت دیگر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طویل انتظار کے باوجود ہمیں مالی او ر انتظامی اختیارات نہیں دئیے جارہے جسکی وجہ سے عوام کے مسائل حل نہیں ہو رہے ۔

(جاری ہے)

واصح اعلان کرتے ہیں کہ اگر اختیارات نہ دیئے گئے تو دما دم مست قلندر ہوگا اور کسی بھی سطح پر احتجاج سے گریز نہیں کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں صرف تائید کرانے کے لئے رکھا گیا ہے لیکن اب یہ سلوک مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ہمارا مطالبہ ہے کہ چیئرمینز سے پہلے تمام وائس چیئرمینزکو اختیار دئیے جائیں ۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ جمعرات کے روز ماڈل ٹائون میںوزیر اعلیٰ پنجاب کی رہائشگاہ پر کے باہر پر امن دھرنا دیں کر اپنے مطالبات سے آگاہ کریں گے او رجب تک ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے پر امن احتجاج جاری رکھیں گے۔

وائس چیئرمینز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے ساتھ پہلے بھی 90شاہراہ قائد اعظم پر ناروا سلوک کیاگیا اب حمزہ شہباز سے نہیں صرف وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات ہو گی ۔