پاکستان اور پاک فوج کے خلاف بات کرنے والے ملک دشمن ہیں، پرویز مشرف

پاک فوج وطن عزیز کی محافظ ہے، فوج نے سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ہر مشکل وقت میں خدمات انجام دی ہیں،کرپٹ سیاستدان عدلیہ اور فوج کے خلاف باتیں کرکے ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں،آل پاکستان مسلم لیگ، مسلم لیگ فنکشنل اور دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ ایک سیاسی اتحاد قائم کرنے جارہی ہے، لبرٹی چوک طارق روڈ سے مزار قائد تک نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء سے خطاب

اتوار 15 اکتوبر 2017 21:20

پاکستان اور پاک فوج کے خلاف بات کرنے والے ملک دشمن ہیں، پرویز مشرف
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور پاک فوج کے خلاف بات کرنے والے ملک دشمن ہیں۔ فوج کے خلاف بات کرنے والوں کو قوم منہ توڑ جواب دے گی۔ پاک فوج وطن عزیز کی محافظ ہے۔ فوج نے سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ہر مشکل وقت میں خدمات انجام دی ہیں۔

پاکستان سمیت عالمی برادری پاک فوج کی خدمات کو سراہتی ہے۔ کرپٹ سیاستدان خصوصاً ن لیگ عدلیہ اور فوج کے خلاف باتیں کرکے ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ کرپٹ سیاستدانوں کو ملک بدر کردینا چاہئے۔ آل پاکستان مسلم لیگ، مسلم لیگ فنکشنل اور دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ ایک سیاسی اتحاد قائم کرنے جارہی ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ انتخابات میں ہماری کوشش ہوگی کہ اس سیاسی اتحاد کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑا جائے۔ عوام کے ووٹوں سے ہم اگر اقتدار میں آگئے تو کرپشن اور کرپٹ مافیا کا احتساب کریں گے۔ کراچی کے ضلع وسطی میں جلد ایک بڑا جلسہ کریں گے جس میں اہم انکشافات اور ملکی صورت حال پر بات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو آل پاکستان مسلم لیگ سندھ سائوتھ ریجن کے تحت پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے لبرٹی چوک طارق روڈ سے مزار قائد تک نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کی حمایت میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء مسلسل (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے ملک سنگین خطرات سے دوچار ہے۔ کرپشن میں ملوث ایک وزیراعظم کو عدالت نے نااہل قرار دیا ہے۔ اب ملک میں انتشار پیدا کرنے کے لئے (ن) لیگ عدالت اور فوج کے خلاف متنازع بیانات دے رہی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

عدالت کا فیصلہ قانون کے مطابق اس کو تسلیم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج وطن عزیز کی محافظ ہے۔ قوم ان کے خلاف پروپیگنڈہ برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت کی وجہ سے ملکی معاشی صورت حال تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ آج ملکی خزانہ تقریباً خالی ہوچکا ہے اور قرضے لے کر ملک کو چلایا جارہا ہے۔ کرپٹ حکمرانوں نے دونوں ہاتھوں سے قومی خزانے کو لوٹا ہے۔

جب میرا دور حکومت تھا تو اس وقت ملکی معاشی صورت حال آج کے مقابلے میں بہت بہتر تھی لیکن کرپشن اور کرپٹ سیاستدانوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاستدان کی پالیسیوں سے تو یہ لگتا ہے کہ وہ ملک کا سودا کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایل نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے۔ پیر پگارا میرے اچھے دوست ہیں۔

ہم خیال جماعتوں کے تعاون سے ایک بڑا سیاسی انتخابی اتحاد بنانے جارہے ہیں۔ ہم آئندہ انتخابات میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو عبرتناک شکست دیں گے۔ کراچی اب جاگ چکا ہے۔ اس شہر میں تمام قومیں رہتی ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے لوگ اے پی ایم ایل میں شامل ہورہے ہیں۔ میں انہیں خوش آمدید کہتا ہوں۔ اس موقع پر اے پی ایم ایل کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد نے کہا کہ (ن) لیگ نے کروڑوں نہیں بلکہ کھربوں روپے کی کرپشن کی ہے۔

ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا ایجنڈا ملکی دولت کو لوٹنا ہے۔ ان کا کڑا احتساب ہونا چاہئے۔ کراچی میں اب اے پی ایم ایل تمام اضلاع میں بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ اس موقع پر اے پی ایم ایل سائوتھ ریجن کے صدر احمد حسین نے کہا کہ آئندہ ہفتے ضلع وسطی میں پارٹی سیکریٹریٹ کا افتتاح کریں گے اور ایم کیو ایم، پی ایس پی، (ن) لیگ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سینکڑوں لوگ پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جناح گرائونڈ میں جلسے کی اجازت کے لئے انتظامیہ کو درخواست دے دی ہے۔ امید ہے کہ ہمیں اجازت مل جائے گی۔

متعلقہ عنوان :