فاٹا کا خیبر پختونخواہ میں مکمل انضمام کے علاوہ کوئی دوسرا حل ہر گز قابل قبول نہیں،سکندرحیات شیر پائو

اتوار 15 اکتوبر 2017 22:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکندرحیات خان شیر پائو نے کہا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخواہ میں مکمل انضمام کے علاوہ کوئی دوسرا حل ہر گز قابل قبول نہیں ۔انھوں نے کہا کہ انضمام کے عمل کو فوری طور پریقینی بنایا جائے تاکہ ان علاقوں کی پسماندگی کو دور کیا جاسکے اور قبائلی علاقاجات کو قومی دھارے میں لا کر ترقی کی ر اہ پر گامزن کیا جاسکے ۔

انھوں نے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخواہ میں ضم ہونے سے نہ صرف پختونوں کی آواز مضبوط و موثر ہو گی بلکہ اس عمل سے قبائلی عوام کی ترقی اور خوشحالی بھی ممکن ہو جائے گی اورپختون قوم کو ایک یونٹ میں متحد کرنے کیلئے راہ ہموار ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں پارٹی کے یوم تاسیس کی تیاریوں کے سلسلے میں قائم کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یوم تاسیس کی تیاریوں کے سلسلے میں سیر حاصل بحث ہوئی اور جلسہ میں پارٹی کے کارکنوں اور عوام الناس کی بھرپور شرکت کیلئے حکمت عملی مرتب کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں یوم تاسیس کی تیاریوں کے سلسلے میں رابطہ عوام مہم چلائی جائے گی ۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ اداروں کے درمیان اہم قومی ایشوز پرہم آہنگی پیدا کی جائے اور ٹکرائو کی پالیسی سے اجتناب کیا جا ئے کیونکہ ٹکرائو کے نتیجے میں نہ صرف جمہوریت کمزور ہو گی بلکہ اس کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر بھی پڑے گا۔

انھوں نے کہا کہ تذبذب کی حالت کی وجہ عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے اور بین الاقوامی طور پر ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے جو ہر محاذ پر ان کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کا مقصد پختونوں کی فلاح و بہبود اور ترقی و خوشحالی ہے اور اس مقصد کو یقینی بنانے کیلئے ہر محاذ پر آواز اٹھائی جائے گی۔انھوں نے تمام پارٹی ورکروں پر زور دیا کہ یوم تاسیس میں شرکت اور پارٹی پروگرام کو گھر گھر پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاکر پختون قوم کو متحد کرنے کیلئے جدوجہد کرے تاکہ اس مشکل دور میں خطے میں امن کے قیام ،ترقی اور خوشحالی کیلئے راہ ہموار ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :