ٹرمپ کے اقدامات دنیا کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں، ہیلری کلنٹن

روسی صدر نے 2016 کے امریکی انتخابات میں براہ راست مداخلت کرتے ہوئے روسی انتظامیہ کو میرے مقابلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی دلانے کی ہدایت دیں،پیوٹن نے امریکا کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اور وہ امریکا کے لیے کسی خطرے سے کم نہیں،سابق امریکی وزیر خارجہکا انٹرویو

پیر 16 اکتوبر 2017 13:51

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات خطرناک ہیں جو پوری دنیا کے لئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔دو ہزار سولہ میں امریکی کے صدارتی الیکشن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں شکست سے دوچار ہونے والی ہیلری کلنٹن کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ روسی صدر نے 2016 کے امریکی انتخابات میں براہ راست مداخلت کرتے ہوئے روسی انتظامیہ کو ان کے مقابلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی دلانے کی ہدایت دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیوٹن نے امریکا کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی اور وہ امریکا کے لیے کسی خطرے سے کم نہیں۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ یقینی طور پر روسی صدر نے کچھ کامیابیاں ضرورحاصل کی ہوں گی لیکن امریکی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی سخت نگرانی نے ان کو ان کے مقاصد میں مکمل طور پر کامیاب ہونے نہیں دیا۔

(جاری ہے)

سابق وزیر خارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو امریکا کے لئے دنیا میں عدم اعتمادی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے غلط اور مضحکہ خیز اقدامات دنیا بھر میں امریکی عوام کے لئے باعث ندامت ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرنے کی دھمکی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے ہلیری کا کہنا تھا کہ امریکی صدر عالمی سطح پر امریکا کو بدعہد اور بداعتماد بنا کر پیش کر رہے ہیں جس سے امریکا کے دوسرے ملکوں کے ساتھ وعدوں کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اور اس جیسے دوسرے مسائل سفارتی طور پر حل کئے جانے چاہئیں۔