پاکستانی اہلکار ہمارے اور اغوا کاروں کے درمیان آکھڑے ہوئے‘ جوشو بوئل

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان بہترین کوششیں کر رہاہے اس کا واضح ثبوت میں خود دیکھ چکا ہوں

پیر 16 اکتوبر 2017 14:23

ٹورنٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) پاک فوج کی جانب سے تین روز قبل بازیاب کرائے گئے کینیڈین خاندان کے سربراہ جوشو بوئل نے کہا ہے کہ ریسکیوآپریشن کے دوران پاکستانی سکیورٹی فورسز کے اہلکارمیرے خاندان اور اغواکاروں کے درمیان آ کھڑے ہوئے۔ برطانوی اخبار کو جوشو بوئل نے بتایا کہ آپریشن کے بعد پاک فوج کا ایک جوان اس بات پر سخت ناراض تھا کہ ان کے ساتھی دہشتگردی کیخلاف لڑائی میں شہید ہو رہے ہیں جبکہ امریکہ پاکستان پر حقانی نیٹ ورک کا ساتھ دینے کا الزام لگاتا ہے۔

(جاری ہے)

بوئل کے مطابق اس موقع پر پاک فوج کا ایک میجر میرے پاس آیا اور مجھ سے کہا کہ امریکی میڈیا کہتا ہے ہم حقانی نیٹ ورک کی حمایت کرتے ہیں، آج تم نے اپنی آنکھوں سے سچ دیکھ لیا۔ کیا ہم نے ان دہشتگردوں پر گولیاں نہیں چلائیں ۔ آئی ایس آئی اور پاک فوج کے جوان اغواکاروں اور گاڑی کے درمیان آ گئے، وہ ان سے لڑے اور میرے خاندان کا تحفظ کیا۔ ان جوانوں نے اغواکاروں کو بزدلوں کی طرح بھاگنے پر مجبور کر دیا تھا۔ جوشوبوئل نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان بہترین کوششیں کر رہاہے اور اس کا واضح ثبوت میں خود دیکھ چکا ہوں۔

متعلقہ عنوان :