سری لنکن ٹیم تیسرا ٹی ٹونٹی لاہور میں کھیلے گی،نجم سیٹھی

پیر 16 اکتوبر 2017 14:35

لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نیوزی لینڈ میں آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکن ٹیم تیسرا ٹی ٹونٹی لاہور میں ہی کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم تیسرا ٹی ٹونٹی کھیلنے پاکستان آ رہی ہے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی اگلے ماہ دورے پر آئے گی، تاہم پاکستان سے باہمی سیریز کھیلنے سے بھارت کے انکار کے معاملے پر کیس چل رہا ہے۔

(جاری ہے)

سری لنکا اور پاکستان کے مابین تیسرا ٹی ٹونٹی میچ 29اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق سری لنکا سے میچ کے انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرنے کی ہدات کردی گئی ہے ۔ نیوزی لینڈ میں آئی سی سی اجلاس کے موقع پر نجم سیٹھی سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام کی ملاقات ہوئی جنہوں نے لاہور میں تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے لیے آمادگی ظاہر کی۔ چیئرمین پی سی بی سے ویسٹ انڈیز بورڈ کے اعلی حکام کی بھی ملاقات ہوئی اور انہوں نے بھی پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے مثبت جواب دیا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل چند سری لنکن کرکٹرز نے دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :