Live Updates

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی 4 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

سندھ کے عوام اپنے موجود ہ حکمرانوں سے مایوس ہیں اور وہ تبدیلی چاہتے ہیں،سندھ کے حالات اب بہت بدل چکے ہیں،عمران خان کی نا اہلی کا امکان نہیں، جب مناسب سمجھیں گے، الیکشن کمیشن میں پیش ہوں گے ۔شاہ محمود قریشی کی کراچی ایئرپورٹ اور مخدوم ہائوس ہالہ میں میڈیا سے گفتگو

پیر 16 اکتوبر 2017 14:46

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی 4 روزہ دورے پر کراچی پہنچ ..
کراچی/ہالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی 4 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔شاہ محمود قریشی کراچی سے ہالہ پہنچے جہاں انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کی بیوہ اور سروری جماعت کے روحانی پیشوااور صوبائی وزیر مخدوم جمیل الزمان سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔

کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے سندھ میں اپنی عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں وہ عمرکوٹ جائیں گے اس کے بعد 22 اکتوبر کو سہون میں جلسہ ہے ،جس میں عمران خان بھی آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنے موجود ہ حکمرانوں سے مایوس ہیں اور وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کے حالات اب بہت بدل چکے ہیں۔ حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔مخدوم ہاس ہالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سروری جماعت کے ساتھ روحانی اور خاندانی رشتہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیاست سے الزام تراشی کا خاتمہ ہونا چاہئے، آنے والا وقت پاکستان تحریک انصاف کا ہے ۔

چاہتے ہیں احتساب کا عمل آگے بڑھے، ملک کو لٹیروں سے نجات دلائے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے اور ہم مقروض رہیں گے۔ انہوں نے کہا اگر کسی نے احتساب کے عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی تو ہم اسلام آباد میں جم غفیر جمع کریں گے کیونکہ ہم نے لوگوں کو عدالتوں پر حملہ کرتے دیکھا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی نا اہلی کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا۔

انہوں نے کہا احسن اقبال وہ نادان دوست ہیں جو نواز شریف کو یہاں تک لے آئے ہیں اور مزید ڈوبونا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ عزیر بلوچ اور سانحہ ماڈل ٹائون کی جے آئی ٹی رپورٹ کو پبلک کیا جائے۔ عمران خان کی الیکشن کمیشن میں پیشی پر انہوں نے کہاکہ عمران خان جب سمجھیں گے کہ انہیں پیش ہونا ہے تو وہ بالکل الیکشن کمیشن میں پیش ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات