ارزاں نرخوں پر موسم سرما کی سبزیوں کے بیجوں کے پیکٹس کی فراہمی شروع

پیر 16 اکتوبر 2017 15:21

فیصل آباد۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت ارزاں نرخوں پر موسم سرما کی سبزیات گاجر، مولی ، شلجم ، پالک ، دھنیا، سلاد ، میتھی اور سرسوں کے بیجوں کے پیکٹس کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے جبکہ خادم اعلی پنجاب کی ہدایت پرمحکمہ زراعت کی جانب سے گھریلو پیمانے پر5مرلہ کاشت کیلئے موسم سرما کی سبزیات کے پیکٹ 30اکتوبر تک فراہم کئے جائیں گے جن کی کاشت بھی 30اکتوبر تک کی جاسکتی ہے ،محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ شہری گھروں میں سبزیاں اگا کر من پسند کھانے تیار کر سکتے ہیں،انہوںنے کہا کہ گھر میں اگائی گئی سبزیاں زرعی زہروں سے پاک ہوتی ہیں نیززرعی زہروں سے پاک اورتازہ سبزیوں کے استعمال سے انسان کئی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے جبکہ سبزیوں کی بروقت کاشت اچھی پیداوار کی ضامن ہے،شہری جڑی بوٹیوںکو بذریعہ رمبہ یا ہاتھوں سے تلف کرتے رہیں،علاوہ ازیں وہ چھوٹے پلاٹوں میں ایسی سبزیاں کاشت کریں جو زیادہ دیر تک پیداوار دیتی ہوں جن میںپالک، میتھی ، دھنیا وغیرہ شامل ہیں،شہری گھریلو استعمال کیلئے سبزیاںکھیلیوں پر کاشت کریں کیونکہ ہموار سطح پر کاشت کی گئی سبزیوں پر بیماریاں حملہ آور ہوتی ہیں جن میں جڑ کا اکھیڑا اور مرچوں میں کالر راٹ وغیرہ شامل ہیں،سبزیاں کاشت کرنے والے افراد سبزیوں کو ان بیماریوں سے محفوظ بنانے کیلئے بروقت اقداما ت کریں،سبزیوں کے لیے ایسی جگہ کا استعمال کی جائے جہاں دھوپ کم از کم 8گھنٹے رہے کیونکہ سایہ دار جگہوں پر سبزیوں کی پیداوار اور بڑھوتری متاثر ہوتی ہے ،سبزیاں گملوں ، ٹوکریوں ، ٹین یا پلاسٹک کے ڈبوں ، پلاسٹک کے شاپنگ بیگز ، پرانے ٹائرز وغیرہ میں بھی کاشت کی جاسکتی ہیں،روزانہ 5سے 16منٹ کی دیکھ بھال سے پودوں پر بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے حملوں کا بروقت تدارک کیا جا سکتا ہے،شہری بھرپور پیداوار کے حصول کیلئے ان میں ایک حصہ مٹی ، ایک حصہ بھل اور ایک حصہ گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالیں۔

متعلقہ عنوان :