نظریہ پاکستان کونسل اسلام آباد کے تحت لیاقت علی خان کی 66 ویں برسی کے حوالے سے تقریری مقابلہ

پیر 16 اکتوبر 2017 16:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) نظریہ پاکستان کونسل اسلام آباد کے تحت ایوانِ قائد فاطمہ جناح پارک میں پاکستان کے پہلے وزیرِاعظم خان لیاقت علی خان کی 66 ویں برسی کے موقع پر ’’تحریکِ پاکستان اور قیامِ پاکستان میں شہیدِ ملت کی خدمات‘‘ کے موضوع پر طلباء و طالبات کے مابین ایک زبردست تقریری مقابلہ ہوا جس میں راولپنڈی/اسلام آباد اور گردونواح کے تعلیمی اداروں سے 30 سے زائد مقررین نے حصہ لیا۔

تقریری مقابلہ کی صدارت کونسل کے سینئر وائس چیئرمین میاں محمد جاوید نے کی جبکہ مجلسِ عاملہ کی رکن اور معروف سماجی کارکن فرخ خان مہمانِ خصوصی تھیں۔ اس موقع پر اپنا صدارتی خطاب میں میاں محمد جاوید نے کہا کہ انہیں طالب علموں کی تقاریر سن کر یہ روح پرور احساس ملا ہے کہ ہماری نئی نسل اپنے مشاہیر کے کارکنوں سے واقف ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے نقشِ قدم پر چل کر ملکِ پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کا عزم رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شریکِ مقابلہ طلباء و طالبات نے شہیدِ ملت کی زندگی اور قومی خدمات کے حوالہ سے بہترین تحقیقی مواد پر مشتمل تقاریر کی ہیں۔ فرخ خان نے کہا کہ نظریہ پاکستان کونسل نئی نسل کو نظریہ پاکستان کی اہمیت ، تحریکِ پاکستان کے مقاصد، قیامِ پاکستان کیلئے دی گئی قربانیوں اور نظریہ پاکستان کے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے میں اپنی سرگرمیوں کے ذریعے اہم کردار انجام دے رہی ہے۔

تقریب سے کونسل کی مجلسِ عاملہ کے اراکین ڈاکٹر انعام الحق اور مسز نرگس ناصر نے بھی مختصر خطاب کیا اور طلباء پر زور دیا کہ وہ وطن کی خدمت کرنے میں اپنا کردار پوری ذمہ داری سے ادا کرتے رہیں، مصنیفن کے فیصلے کے مطابق مثالی سکول واہ کینٹ کے جمال الدین حقانی نے پہلا اور ایف جی ماڈل سکول ایف سکس ون کی رقیہ بی بی نے دوسرا انعام حاصل کیا جبکہ تیسرا انعام مشترکہ طور پر سر سید انوویٹو سکول راولپنڈی کے ولید حمزہ اور اسلام آباد ماڈل کالج آئی ٹین ون کے حافظ مہدنور اور چوتھا انعام اسلام آباد ماڈل کالج ایف ایٹ فور کی آمنہ ارشد کو دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :