بے بنیاد الزام تراشیوں اور ایک دوسرے کو چور، ڈاکو کہہ کر معاشرے کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے،

یہ لیڈرشپ کا کردار نہیں‘شہبازشریف میں آپ کو عدالتوں میں لے کر گیا لیکن آپ عدالتوں سے بھی بھاگتے ہیں،آپ نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھول رہے ہیں معاشرے میں پیدا ہونیوالی خرابیوں کو ملکر دور کرنا ہے، وقت آ گیا ہے کہ وہ فیصلے کئے جائیں کہ پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہو ‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 16 اکتوبر 2017 18:11

بے بنیاد الزام تراشیوں اور ایک دوسرے کو چور، ڈاکو کہہ کر معاشرے کو کھوکھلا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی ہمیشہ میری ترجیح رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کے لئے اربوں کے وسائل فراہم کئے ہیں، جنوبی پنجاب کے عوام کو وہ تمام سہولتیں دی جا رہی ہیں جو وسطی پنجاب میں بسنے والے افراد کو دی گئی ہیں، میں جنوبی پنجاب کو وسطی پنجاب کے ہم پلہ لانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، تمام بڑے اور اہم منصوبوں میں جنوبی پنجاب کو ہمیشہ فوقیت دی ہے اور ہر پروگرام اور ترقیاتی منصوبوں میں جنوبی پنجاب کا کوٹہ آبادی کے تناسب سے 10 فیصد زائد رکھا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ملتان پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ میرا دل جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے، اس لئے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ خطے میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں انقلابی منصوبوں پر عملدرآمد کیا گیا ہے اور ان شعبوں میں اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری و ساری ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز بھی جنوبی پنجاب سے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے جس پر ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ 70 برس میں ملک نے بڑے ہچکولے کھائے ہیں۔ہم سب کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے اوردیانت، محنت اور امانت کے ذریعے پاکستان کی تصویر میں خوشنما رنگ بھرنے ہیں۔ اگر اتحاد اور اتفاق سے کام نہ لیا تو آئندہ نسلیں معاف نہیں کریں گی۔

ہر طبقے اور ہر فرد پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کو آگے لے کر جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور میڈیا نے عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزام تراشیوں اور ایک دوسرے کو چور، ڈاکو کہہ کر معاشرے کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے۔ الزام تراشیاں اور جھوٹ بولنے والوں کو اپنی منفی سیاست ترک کر دینی چاہیئے۔

موجودہ حالات میں قیادت کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے رہنما نے جھوٹ بولے اور بے بنیاد الزامات لگائے۔ ان کو تو لیڈر کہنا بھی درست نہیں کیونکہ لیڈر قوم کی رہنمائی کرتے ہیں۔ بے بنیاد الزامات نہیں لگاتے اور جھوٹ نہیں بولتے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تو دائیں بائیں خود چور اور ڈاکوکھڑے ہیں اور آپ نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھول رہے ہیں اور نوجوانوں کو غلط راہ پر ڈال رہے ہیں۔

میں آپ کو عدالتوں میں لے کر گیا لیکن آپ عدالتوں سے بھی بھاگتے ہیں۔ یہ لیڈرشپ کا کردار نہیں۔ معاشرے میں جو خرابیاں پیدا ہو چکی ہیں، انہیں مل کر دور کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ وہ فیصلے کئے جائیں کہ پاکستان اپنے پائوں پر کھڑا ہو اور کشکول کو توڑ دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ملتان پریس کلب کیلئے 20 لاکھ روپے کی سالانہ گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا جبکہ صحافی کالونی میں پلاٹوں کے لئے واجب الادا رقم کے حوالے سے 53 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ دینے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ 96 ملین روپے کی اضافی رقم بھی مہیا کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ملتان میں جرنلسٹ ہائوسنگ فائونڈیشن کا سب آفس قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملتان میں صحافی کالونی کے دوسرے مرحلے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے۔ ملتان پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو کلب کی تاحیات ممبرشپ دی اور وزیراعلیٰ کو ملتان پریس کلب کے دورے کی دعوت دی۔

شکیل انجم نے راجہ جہانگیر انور کو بھی ملتان پریس کلب کی تاحیات ممبرشپ دی۔ صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کے کام بولتے ہیں اور انہوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بے پناہ کام کیا ہے۔ جب دھرنے دیئے جا رہے تھے اور الزام تراشیوں کی بوچھاڑ تھی تو شہبازشریف پھر بھی عوامی خدمت میں مصروف رہے۔

انہوں نے اندھیرے دور کرنے کیلئے دن رات ایک کیا۔ شکیل انجم نے کہا کہ شہبازشریف کا نظریہ صرف کام، کام اور کام ہے، اب جھوٹے نعروں اور کھوکھلے دعووں سے کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی طرح ان کی ٹیم کے ارکان خصوصاً راجہ جہانگیر انور انتہائی محنتی اور فرض شناس آفیسر ہیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات ملک محمد احمد خان، رکن قومی اسمبلی عبدالغفار ڈوگر، ایڈیشنل سیکرٹری وزیراعلیٰ آفس راجہ جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات شاہد اقبال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :