الیکشن کمیشن 2018ء کے عام انتخابات سے قبل انتخابی فہرست میں تمام اہل خواتین کے ووٹوں کے اندراج کو یقینی بنائے گا

ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر اختر نذر کا 10 ویں دیہی خواتین سالانہ کانفرنس سے خطاب

پیر 16 اکتوبر 2017 20:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) 2018ء کے عام انتخابات سے قبل انتخابی فہرست میں تمام اہل خواتین کے ووٹوں کے اندراج کو یقینی بنائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر اختر نذر نے 10 ویں دیہی خواتین کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کاہ کہ نادرا کی مدد سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام خواتین کو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور ووٹ کا اندراج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین میں اس حوالے سے آگاہی کے لئے سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور میڈیا کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن خواتین کی رجسٹریشن پر خصوصی توجہ دے گا اور نومبر سے شروع ہونے والی انتخابی فہرستوں کی تیاری کی مہم میں اس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈائریکٹر الیکشن کمیشن ہارون شنواری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک کے 80 اضلاع میں آگاہی مہم کا آغاز کرے گا اور اس مہم کے دوران خواتین کو سی این آئی سی کے حصول اور ووٹوں کے اندراج کے لئے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ خاص طور پر دیہی خواتین کو شناختی کارڈ اور ووٹ کے اندراج میں معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ خواتین کو ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی کے لئے بھی ایک کیمپ لگایا جائے گا۔