شہید ملت لیاقت علی خان نے پاکستان کے لئے اپنا سب کچھ قربان کردیا ، ڈپٹی میئرکراچی

لیاقت علی خان کے پیغام کو سمجھنا وقت کی اہم ضرور ت ہے ، عمل کرکے ملک کی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھا جائے،ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ

پیر 16 اکتوبر 2017 20:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ شہید ملت لیاقت علی خان نے پاکستان کے لئے اپنا سب کچھ قربان کردیا مگر یہ بد قسمتی رہی کہ انہیں زندگی نے مزید مہلت نہیں دی کہ وہ پاکستان بنانے کے بعد اس کی تعمیر کرنے کے سفر کو آگے بڑھاتے یہی وجہ ہے کہ آج ہم عدم استحکام کا شکار ہیں، یہ اس وقت کی اہم ضرورت ہے کہ لیاقت علی خان کے پیغام کو سمجھا جائے اور اس پر عمل کرتے ہوئے اس ملک کی ترقی کے لئے مل کر آگے بڑھا جائے، ان کی حب الوطنی، عوام دوستی، عقل و دانش اور سیاسی بصیرت قابل قدر تھی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم نواب زادہ لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر کراچی کے شہریوں کی جانب سے پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے آغاز ہی میں آزمائش سے دوچار ہوچکا تھا، قائد ملت نواب زادہ لیاقت علی خان عوام میں بہت مقبول اور حق و ایمان پر قائم رہنے والے شخص تھے، وہ قائد اعظم کے قریب ترین ساتھیوں میں شامل تھے اور خود اعتمادی اور خود انحصاری کے نظریات پر سختی سے کار بند تھے ، انہوں نے کہا کہ اس وقت اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر ان کے مزار کے احاطے میں بالخصوص نوجوان نسل کے لئے ایسے پروگرام اور تقریبات بھی منعقد کی جائیں جس سے نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے حوالے سے جدوجہد کرنے والے رہنمائوں کے بارے میں آگہی حاصل ہو اور انہیں اس بات کا احساس ہو کہ یہ ملک کتنی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے، انہو ںنے کہا کہ ہمیں تحریک پاکستان کے رہنمائوں کے ایام کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منانا چاہئے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو ان رہنمائوں کی وطن عزیز کیلئے دی گئی قربانیوں کا پتا چل سکے، انہو ںنے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی موجودہ عمارت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں 25 اگست 1948ء کو قائد اعظم محمد علی جناح کے ہمراہ قائد ملت خان لیاقت علی خان بھی تشریف لائے تھے انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان سے بہت محبت تھی یہی وجہ ہے کہ شہادت کے وقت بھی ان کے آخری الفاظ ’’اللہ پاکستان کی حفاظت کرے‘‘ تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے مزید کہا کہ کراچی میں مختلف شاہراہیں، اسپتال، کالج سمیت مختلف ادارے پاکستان کے اس عظیم رہنماء کے نام سے منسوب ہیں ۔