ایران کے نئے قونصل جنرل مجید صادقی دولت آبادی کی امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات

پیر 16 اکتوبر 2017 21:44

ایران کے نئے قونصل جنرل مجید صادقی دولت آبادی کی امیر جماعت اسلامی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) ایران کے نئے قونصل جنرل مجید صادقی دولت آبادی نے پیر کو امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی۔ جماعت اسلامی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال پر مفصل گفتگو ہوئی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور ایران سمیت خطے کے تمام مسلم ممالک کو سنگین خطرات لاحق ہیں ، ان کا مقابلہ باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو کوشش کرنی چاہئے کہ مسلم ممالک کے مابین غلط فہمیاں اور اختلافات ختم ہوں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی جماعت ہے اور اتحاد اُمت ہماری دینی اساس ہے، ہم اس ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کے تمام ممالک کو مل کر خطہ سے ظلم و جارحیت ختم کرنے کی کوشش کرنا ہو گی۔ ایرانی قونصل جنرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے ایران و پاکستان کے تعلقات کو مضبوط تر کرنے کی کوشش کریں گے۔