لیگی رہنمائوں کی نظام انصاف پر تنقید کا سلسلہ جاری

نیب عدالتوں میں نواز شریف پر عجلت میں ریفرنسز چلائے جا رہے ہیں، رانا ثناء اللہ

پیر 16 اکتوبر 2017 22:01

لیگی رہنمائوں کی نظام انصاف پر تنقید کا سلسلہ جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2017ء) لیگی رہنمائوں کی نظام انصاف پر تنقید کا سلسلہ جاری، نیب عدالتوں میں نواز شریف پر عجلت میں ریفرنسز چلائے جا رہے ہیں، صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انصاف دفن ہونے کا خدشہ موجود ہے، چیف جسٹس آف پاکستان انصاف کی فراہمی ممکن بنانے کے لئے کردار ادا کریں، نیب کورٹ پر 6 ماہ کی تلوار لٹکی ہوئی ہے اور پاکستان کے مقبول ترین رہنما میاں نواز شریف اور ان کے خاندان کے ریفرنسز عجلت میں چلائے جانے کے سبب انصاف کے دفن ہونے کا خطرہ ہے، فوجی ترجمان کی وضاحت کے بعد جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

حکومت جمہوری تقاضوں کو ہر ممکنہ حد تک پورا کررہی ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان اور شیخ رشید نے سیاست کو بھی اپنی طرح بدکردار بنا دیا ہے۔بنی گالہ میں بدکرداروں کا ٹولہ رہتا ہے۔جو ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کے منصوبے بناتا رہتا ہے۔ذوالفقار بھٹو اور بینظیر کی تعریف ان کے اچھے کاموں کی وجہ سے کی جاتی ہے۔نواز شریف 2018کے الیکشن کے بعد گھس بیٹھیوں کو جواب دینگے۔

انہوں نے کہ امید ہے چیف جسٹس آف پاکستان انصاف کو یقینی بنانے کے لئے اہم کردار ادا کریں گے، انہوں نے کہا کہ عجلت میں انصاف کی فراہمی انصاف کو دفن کرنے کے مترادف ہے، نیب کورٹ میں 2 سابق وزرائے اعظم کے ریفرنسز زیر سماعت ہیں، بتایا جائے کہ یوسف رضا گیلانی اور راجہ رویز اشرف کے ریفرنسز کی رفتار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے بیانات کو رنگ بدل کر پیش کیا جا رہا ہے، پوری طرح امید کرتا ہوں کہ ہر روز پیدا ہونے والا ابہام ختم ہو جائے گا، پاک فوج دہشت گردی کا جواں مردی سے مقابلہ کر رہی ہے، حقانی نیٹ ورک کا پاکستان پر بے بنیاد الزام لگایا جا رہا ہے، وزیر قانون نے کہا کہ کسی کو کوئی حق نہیں کہ جلسے میں بیان بازی کرے، پاکستان سکیورٹی اور معاشی طور پر مضبوط ملک ہے، نواز شریف اپنی اہلیہ کے علاج کے لئے بیرون ملک مقیم ہیں، نواز شریف عدالتوں کا سامنا کر کے بیرون ملک روانہ ہوئے، وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے شیخ رشید کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیخ رشید کو راولپنڈی کا شیطان کہہ کر مخاطب کیا۔