وزارت منصوبہ بندی کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز سے برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خاص برائے پاکستان و افغانستان ، برطانوی ہائی کمشنر اور ڈیفیڈ برطانیہ کی ڈائریکٹر جنرل کی ملاقات‘ پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات، دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 16 اکتوبر 2017 22:02

وزارت منصوبہ بندی کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز سے  برطانوی وزیراعظم کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز سے برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خاص برائے پاکستان و افغانستان اٴْوون جینکن ، برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور ڈیفیڈ برطانیہ کی ڈائریکٹر جنرل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات، دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن اور ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار جاری رکھے ہوئے ہے ، پاکستان میں امن اور ترقی کا عمل افغانستان میں قیام امن سے براہ راست جڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد سے پاکستان میں قیام امن کی راہ ہموار ہوئی ہے، پاکستان نے خطے میں امن کیلئے بیش قیمت قربانیاں دیں۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب اقدامات سے معیشت کے استحکام اور سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری کی بدولت پاکستان میں عالمی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب معاشی حکمت عملی اور بہتر اقتصادی پالیسیوں سے پاکستان نے دس سال کے دوران بلند ترین شرح نمو حاصل کی ، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ملاقات میں برطانوی وزیر اعظم کے نما ئندہ برائے پاکستان اور افغانستان اٴْوون جینکن نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے تمام مسائل سے آگاہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات اور قربانیاں قابل تعریف ہیں، برطانیہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔