وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اجلاس ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے کردار، وفاقی دارالحکومت میں مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا

پیر 16 اکتوبر 2017 22:43

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اجلاس ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پیر کو وزیراعظم آفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی ای) کے امور سے متعلق بریفنگ دی گی۔ وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز اور کیڈ ڈویژن کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے کردار اور وفاقی دارالحکومت میں مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ زیرو پوائنٹ سے جی ٹی روڈ تک اسلام آباد ہائی وے کے سگنل فری و کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور، کرال انٹرچینج، سوہاں میں پل کی تعمیر، کھنہ انٹرچینج، گلبرگ انڈر پاس اور نیول برج کی تعمیر سی ڈی اے کے بڑے منصوبے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ حال ہی میں مکمل ہونے والے منصوبوں میں ای الیون ایسٹ سروس روڈ کو دو رویہ کرنے، پارک انکلیو فیز ون کے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی، ملٹی پرپز کار پارکنگ، جی سیون فیسیلیٹیشن سنٹر، سپورٹس کلب ایف سکس، راول ٹائون میں مسجد امن، فقیر آئی پی روڈ آئی الیون اور جی ٹین سے ایف ٹین تک ایس آر ایسٹ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے شامل ہیں جبکہ اتاترک روڈ ویسٹ کو دو رویہ کرنے، سرینہ چوک کی بہتری، اسلام آباد میں سڑکوں کی نئے سرے سے تعمیر، سیکرٹریٹ مسجد کی تعمیر اور سروس روڈ ویسٹ جی الیون کی بحالی سمیت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے مستقبل کے منصوبوں میں سملی ڈیم روڈ، بہارہ کہو بائی پاس، کشمیر ہائی وے پر انٹرچینج کی تعمیر، 300 بستروں کے کیپٹل ہسپتال جی سکس میں اضافی بلاک کی تعمیر، سلاٹر ہائوس آئی نائن فور، جدید ترین انٹرسٹی ٹرمینل، میڈیکل سنٹرز کی تعمیر، سفر کیلئے اسلام آباد بس سروس منصوبہ اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے جیسے منصوبے شامل ہیں۔

میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور بالخصوص دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں خدمت کی فراہمی اور سرکاری زمین پر تجاوزات کے مسئلہ پر بھی اجلاس میں غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت کی ترقی اور اسلام آباد اور نواحی علاقوں کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ قبل ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت میں صحت سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلئے بھی ایک اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کی انتظامیہ، کیڈ اور سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ دارالحکومت شہری اور دیہی علاقوں میں صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور صحت کے شعبہ سے متعلق مسائل حل کرنے کیلئے باہمی مشاورت سے منصوبہ تیار کیا جائے۔