دریائے جہلم پر زیر تعمیر کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ماحول پر ممکنہ منفی اثرات کے بھارتی دعوے بے بنیاد ہیں، چینی ماہر

منگل 17 اکتوبر 2017 16:06

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2017ء) دریائے جہلم پر زیر تعمیر کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ماحول پر ممکنہ منفی اثرات کے بھارتی دعوے بے بنیاد ہیں، کیونکہ یہ منصوبہ بھارت کے شمال مغرب میں اس کی سرحد سے بہت دور واقع ہے۔ یہ بات چین کے انسٹی ٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز کی شنگھائی اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے ماہر ہوژائی یانگ نے چینی اخبار گلوبل ٹائمز کو ایک انٹر ویو میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے حوالے سے بھارتی خدشات سے پاک بھارت تعاون پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔پاکستان میں بجلی کی قلت کا مسئلہ چین کے تعاون کے ساتھ 2025ء تک حل کر لیا جائے گا اور اس طرح پاکستان کی اقتصادی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ دور ہو جائے گی۔چین اس پن بجلی کے منصوبے کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس سے پاکستانی معیشت میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

720 میگا واٹ پیداواری صلاحیت کے حامل اس منصوبہ جو چین کی تھری گورجز ڈیم کمپنی کی زیلی کمپنی مکمل کر رہی ہے سے نہ صرف بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ اس نے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے ہیں۔ہوژائی یانگ نے مزید کہا کہ بھارتی رویہ کی بڑی وجہ بھارت کو درپیش بجلی کی قلت کا مسئلہ ہی ہے لیکن اگر وہ مثبت رویہ اپناتے ہوئے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں چین کے ساتھ تعاون کرے تو چین اسے بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد دے سکتا ہے۔واضح رہے کہ بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ سری لنکا اور خطے کے دیگر ممالک میں چینی سرمایا کاری پر تشویش کا اظہار کر چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :